سعودی عرب اور ملائشیا: معیشت، تعلیم اور دفاع کا حقیقت پسندانہ موازنہ - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2026/04/26

سعودی عرب اور ملائشیا: معیشت، تعلیم اور دفاع کا حقیقت پسندانہ موازنہ

saudi-arabia-vs-malaysia-economic-defense-education-comparison

شائع شدہ: روزنامہ "منصف" (حیدرآباد)، 26/اپریل/2026ء، اتوار ایڈیشن "نقوش"۔

ریاض (سعودی عرب) میں قیام پذیر قلمکار دانشور نقی احمد ندوی صاحب نے 'ایران بمقابل سعودی عرب' کے بعد اپنا ایک نیا مضمون بعنوان "دولت یا ترقی؟ سعودی عرب اور ملیشیا کا تقابلی جائزہ" پیش کیا ہے۔ جو کہ یوں محسوس ہوتا ہے کہ حسب روایت فاضل مضمون نگار کے مخصوص و محدود نقطہ نظر کے سہارے قلمبند کیا گیا ہے۔ ہم نے موصوف کے پچھلے مضمون کے تعاقب کے دوران بار بار دہرایا ہے کہ فاضل مضمون نگار اپنے مضمون کے ہر پیراگراف میں ادھورا سچ بیان کرتے ہیں اور اس کے بعد سراسر مبالغہ ہوتا ہے۔ جبکہ علمی و تحقیقی دنیا میں یہ بات معروف ہے کہ آدھا سچ "مکمل غلط فہمی" پیدا کرتا ہے۔ آئیے ان کے نئے مضمون کے کچھ نکات کا مدلل اور تحقیقی و معروضی جائزہ لیتے ہیں۔


موقف:1)

سعودی عرب سے محبت محض اس بنیاد پر نہیں ہونی چاہیے کہ محمد بن سلمان ملک کو معاشی ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے کوشاں ہیں، یا اس لیے کہ بے شمار گھروں کے چولہے وہاں کی کمائی سے روشن ہیں، یا اس بنا پر کہ ہمارا مسلک سلفیت ہے۔ ایک بہت مشہور حدیث یوں ہے۔۔۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: "اعمال کا دار و مدار نیتوں پر ہے، اور ہر شخص کو وہی ملے گا جس کی اس نے نیت کی۔ پس جس کی ہجرت اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے لیے ہو، اس کی ہجرت اللہ اور اس کے رسول ﷺ کے لیے ہے، اور جس کی ہجرت دنیا حاصل کرنے یا کسی عورت سے نکاح کے لیے ہو، تو اس کی ہجرت اسی کے لیے ہے جس کے لیے اس نے ہجرت کی۔" یہ حدیث ہمیں دعوتِ فکر دیتی ہے کہ ہم اپنی محبتوں اور وابستگیوں کا جائزہ لیں۔ کہیں ایسا تو نہیں کہ ہماری محبت محض دنیاوی مفادات، معاشی ضروریات یا ذاتی وابستگیوں کے گرد گھوم رہی ہو؟

جوابی موقف:1)

بڑی عجیب بات ہے کہ فاضل مضمون نگار نے سعودی عرب سے محبت کے معیار تو یہ بتائے: حکمرانوں کی طرف سے ملکی ترقی کی کوشش (دنیاوی مفادات)، سعودی عرب میں برسرروزگار ملازمین کی انفرادی کمائی (معاشی ضرورت) اور مسلکِ سلفیت (ذاتی وابستگی)۔ مگر جو اصل اور حقیقی معیار ہے، یعنی "توحید" اس سے سراسر نظر بچا گئے۔ کیونکہ اگر وہ صرف یہ ایک عنصر لکھ دیتے تو پھر ان کے مضمون میں موجود سارے مفروضات کی عمارت لمحہ بھر میں زمین بوس ہو جاتی۔ سو مضمون نگار نے مذہبی تڑکا لگانے کی خاطر کمال ہوشیاری سے "توحید" چھوڑ کر "اعمال و نیت" کی حدیث کا شوشہ چھوڑا۔ اول تو یہ کہ دین میں محبت اور وفاداری اور اس حدیث میں کوئی تعلق نہیں ہے۔ یہ حدیث اخلاص اور قبولیتِ عمل کے تعلق پر ہے نہ کہ وفاداری کے بارے میں۔ پورے مضمون میں صاحبِ مضمون نے یہ نہیں بتایا کہ ہمیں سعودی عرب سے محبت ہونی چاہیے یا نہیں؟ اگر ہونی چاہیے تو اس محبت کی بنیاد کیا ہونی چاہیے؟ البتہ مضمون پڑھ کر لگتا ہے کہ موصوف کہنا یہ چاہتے ہیں کہ سعودی عرب کی بہ نسبت مسلمانوں کی محبت کا زیادہ حقدار ملائشیا ہے۔ مگر شاید کھل کر اس لیے اظہار نہ کر پائے کہ لوگ طنز و طعن کا نشانہ بنائیں گے کہ جس تھالی میں کھاتے ہوں اسی میں چھید کیوں؟
بےشک حدیث (انما الاعمال بالنيات) واقعی انسان کو خود احتسابی کی طرف لے جاتی ہے۔ لیکن لوگوں کی خطرناک غلطی یہ ہوتی ہے کہ اس حدیث کو دوسروں کی نیتیں جانچنے کے ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی ترغیب دلاتے ہیں۔ جبکہ محدثین و شارحین کا واضح موقف ہے کہ: "نیت کا تعلق باطن سے ہے، اور باطن کا علم اللہ کے سوا کسی کو نہیں۔"
بالفرض اگر میں کہوں کہ سعودی عرب سے میری وابستگی "توحید" کے ناتے ہے لیکن فاضل مضمون نگار جیسے لوگ فرمائیں کہ: "نہیں، تمہاری وابستگی نوکری/معاش ہے"۔ تو لوگوں کا ایسا سمجھنا جزوی طور پر ممکن تو ہے، مگر اصولی طور پر ناقص کہلائے گا۔ کیونکہ لوگ ظاہری حالات دیکھ کر رائے قائم کرتے ہیں جو کہ انسانی فطرت ہے، مگر دینی معیار نہیں۔ دینی معیار یہ ہے کہ: "جب تک کسی کے قول یا عمل سے واضح قرینہ نہ ہو، اس کی نیت پر حکم لگانا درست نہیں؛ کیونکہ حکم ظاہر پر ہوتا ہے اور باطن اللہ کے سپرد ہے"۔ محدثین کا قائم کردہ یہ معیار دراصل وہ لکیر ہے جسے پار کرتے ہی دین، تجسس اور بدگمانی میں بدل جاتا ہے۔ اسی لیے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا ایک اور فرمان عالیشان ہے کہ: إني لم أومر أن أنقب عن قلوب الناس ولا أشق بطونهم۔ "مجھے یہ حکم نہیں دیا گیا کہ میں لوگوں کے دل چیر کر دیکھوں یا ان کے باطن کی کھوج لگاؤں۔" (متفق علیہ)۔ دلوں کا حساب لینا جب پیارے نبی ﷺ کا منصب نہیں، تو سوچ لیجیے کہ عام آدمی کہاں کھڑا ہے؟


موقف:2)

سعودی عرب گذشتہ کئی دہائیوں سے تیل (بلیک گولڈ) کی دولت سے مستفید ہو رہا ہے، جو اللہ تعالیٰ کی ایک عظیم نعمت ہے اور جس کے حصول میں وہ محنت درکار نہیں جو دیگر ممالک کو کرنی پڑتی ہے۔

جوابی موقف:2)

یہ کہنا کہ سعودی عرب کو تیل کی دولت "بغیر محنت" حاصل ہو جاتی ہے، محض سادہ لوحی پر مبنی بات ہے جو اصل حقیقت کے پیچیدہ ڈھانچے کو نظر انداز کر دیتی ہے۔ بے شک تیل کے ذخائر ایک قدرتی نعمت ہیں، مگر ان ذخائر کو قابلِ استعمال ایندھن اور پھر قومی آمدنی میں تبدیل کرنا ایک انتہائی منظم، مہارت طلب اور مسلسل محنت کا تقاضا کرتا ہے۔ تیل کی تلاش (exploration)، نکاسی (extraction)، ریفائننگ (refining) اور عالمی منڈی تک ترسیل۔۔۔ یہ سب مراحل جدید ٹیکنالوجی، بھاری سرمایہ کاری اور تربیت یافتہ افرادی قوت کے بغیر ممکن نہیں۔ اسی طرح ریاستی اداروں، پالیسی سازی، قیمتوں کے اتار چڑھاؤ سے نمٹنے، اور عالمی توانائی سیاست میں توازن برقرار رکھنے کے لیے مسلسل انتظامی اور سفارتی کوششیں درکار ہوتی ہیں۔ مزید یہ کہ "سعودی آرامکو" جیسی کمپنیوں کا آپریشن محض وسائل کا نہیں بلکہ پیچیدہ صنعتی نظم و نسق کا مظہر ہے، جس میں لاکھوں افراد کی بالواسطہ یا بلاواسطہ محنت شامل ہوتی ہے۔ لہٰذا تیل کو دولت میں بدلنا ایک فعال اور مسلسل عمل ہے، نہ کہ کوئی خودکار نعمت جو بغیر انسانی کوشش کے معیشت میں ڈھل جائے۔


موقف:3)

ایک اہم سوال یہ ہے کہ بے پناہ وسائل کے باوجود سعودی عرب ابھی تک ترقی یافتہ ممالک کی صف میں کیوں شامل نہ ہو سکا، جبکہ ملیشیا نسبتاً کم وسائل کے باوجود ایک ترقی یافتہ معیشت کی حیثیت اختیار کر چکا ہے؟

جوابی موقف:3)

سعودی عرب اور ملائشیا کے تقابل میں یہ کہنا کہ ایک بے پناہ وسائل کے باوجود ترقی یافتہ نہیں بن سکا جبکہ دوسرا کم وسائل کے باوجود ترقی یافتہ معیشت بن چکا ہے، دراصل ایک سادہ کاری پر مبنی دعویٰ ہے جس میں حقیقت سے زیادہ ذاتی جذباتی تاثر شامل ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ عالمی درجہ بندی کے مطابق دونوں ممالک اب بھی "ترقی پذیر" (developing) زمرے میں آتے ہیں، فرق صرف یہ ہے کہ سعودی عرب کی معیشت طویل عرصے تک تیل پر انحصار کے باعث یک رخی (undiversified) رہی، جبکہ ملائشیا نے صنعت، برآمدات اور انسانی سرمایہ پر توجہ دے کر نسبتاً متنوع معیشت تشکیل دی۔ اس کے باوجود ملائشیا کو مکمل ترقی یافتہ کہنا درست نہیں، کیونکہ اس کی فی کس آمدنی، ٹیکنالوجیکل گہرائی اور ادارہ جاتی سطح ابھی اس معیار تک نہیں پہنچی۔ یوں اصل معاملہ "وسائل بمقابلہ ترقی" نہیں بلکہ "پالیسی، تنوع اور ادارہ جاتی کارکردگی" کا ہے۔۔۔ اور اسی زاویے کو نظرانداز کرنے سے ایسا مبالغہ جنم لیتا ہے جو بظاہر متاثر کن مگر حقیقت میں کمزور ہوتا ہے۔
"سعودی عرب ترقی یافتہ نہیں" کہنا جزوی طور پر درست ہو سکتا ہے لیکن یہ کہنا کہ "ملائشیا ترقی یافتہ ہے" واضح طور پر غلط ہے۔ دونوں ممالک کا موازنہ اس انداز میں کرنا دراصل مبالغہ آمیزی اور سادہ کاری (oversimplification) ہے۔ جبکہ اصل فرق صرف اتنا ہے کہ سعودی عرب، وسائل پر مبنی امارت، اور تبدیلی کے مرحلے میں ہے جبکہ ملائشیا، متنوع معیشت ضرور ہے، مگر ابھی ترقی یافتہ سطح سے نیچے ہے۔ یاد رہے کہ سڑکیں، عمارتیں یا برآمدات کو دیکھ کر کسی ملک پر "ترقی یافتہ" کا لیبل لگایا نہیں جا سکتا کیونکہ اصل پیمانہ ہے: فی کس آمدنی، صنعتی و تکنیکی پیچیدگی اور ادارہ جاتی معیار۔


موقف:4)

سعودی عرب میں تقریباً 63 جامعات ہیں، جبکہ ملیشیا میں 100 سے زائد جامعات قائم ہیں۔ عالمی درجہ بندی میں ملیشیا کی 20 سے زیادہ جامعات شامل ہیں، جبکہ سعودی عرب کی جامعات کی تعداد اس سے خاصی کم ہے۔ مزید برآں، عالمی رینکنگ میں ملیشیا کی ایک جامعہ تقریباً 60ویں نمبر پر ہے، جبکہ کنگ عبد العزیز یونیورسٹی 149ویں پوزیشن پر آتی ہے۔

جوابی موقف:4)

سعودی عرب اور ملائشیا کی جامعات کا یہ تقابل بظاہر متاثر کن مگر دراصل "منتخب اعداد کی بنیاد پر قائم تاثر" ہے، مکمل حقیقت نہیں۔ جامعات کی تعداد (مثلاً 60 بمقابلہ زائد از 100) خود میں معیار کا پیمانہ نہیں، اور عالمی رینکنگز بھی کوئی جامد سچ نہیں بلکہ مختلف طریقۂ کار پر مبنی متغیر فہرستیں ہیں، جہاں ایک ہی جامعہ مختلف سالوں اور مختلف رینکنگز میں نمایاں طور پر اوپر نیچے ہو سکتی ہے۔ یونیورسٹی آف ملایا کا 60 کے آس پاس آنا یا کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی کا 100-150 کے درمیان ہونا کسی مستقل برتری یا کمزوری کا ثبوت نہیں، بلکہ مخصوص سال اور مخصوص رینکنگ کا عکس ہے۔ عالمی درجہ بندیوں (جیسے QS اور ARWU) کے مطابق کنگ عبدالعزیز یونیورسٹی اور کنگ سعود یونیورسٹی جیسی سعودی جامعات مختلف برسوں میں دنیا کی ٹاپ 100-200 جامعات کے درمیان رہی ہیں، تاہم ان کی پوزیشن سال اور رینکنگ کے لحاظ سے بدلتی رہتی ہے۔
مضمون نگار نے یہ نہیں بتایا کہ۔۔۔ بیس سے زائد ملیشیائی جامعات کس رینکنگ میں شمار ہوئی ہیں؟ QS؟ THE؟ ARWU؟ کیونکہ ہر رینکنگ کا طریقہ الگ ہوتا ہے، اس لیے عدد بدلتا رہتا ہے۔ اصل فرق تعداد یا ایک دو نمبروں کا نہیں بلکہ تعلیمی نظام کی ساخت، تحقیق کی نوعیت اور پالیسی ترجیحات کا ہے۔۔۔ اور ان پیچیدہ حقیقتوں کو نظرانداز کر کے محض اعداد سے نتیجہ نکالنا ایک سادہ کاری ہے جو بحث کو واضح کرنے کے بجائے گمراہ کرتی ہے۔ آخری اہم بات یہ کہ: اصل مسئلہ یہ ہے کہ جامعات کی عالمی درجہ بندی کو ایک حتمی اور غیر متغیر حقیقت سمجھ لیا جاتا ہے، حالانکہ یہ دراصل مختلف پیمانوں اور طریقۂ کار (methodology) پر مبنی ایک تجزیاتی مشق ہوتی ہے۔ ہر ادارہ اپنی ترجیحات کے مطابق معیار طے کرتا ہے: مثلاً کچھ درجہ بندیاں شہرت (reputation) اور تحقیقی حوالہ جات (citations) کو زیادہ اہمیت دیتی ہیں، کچھ تدریس (teaching) اور تحقیق (research) کے مجموعی معیار کو دیکھتی ہیں، جبکہ بعض صرف تحقیقی پیداوار (research output)، جیسے نوبل انعامات اور سائنسی اشاعتوں، پر زور دیتی ہیں۔ نتیجتاً ایک ہی جامعہ مختلف درجہ بندیوں میں بالکل مختلف مقام پر نظر آ سکتی ہے۔ اس لیے کسی ایک فہرست یا ایک نمبر کو بنیاد بنا کر حتمی رائے قائم کرنا علمی دیانت کے بجائے سادہ کاری کے زمرے میں آتا ہے۔


موقف:5)

صنعت اور ٹیکنالوجی کے میدان میں بھی واضح فرق نظر آتا ہے۔ ملیشیا الیکٹرانکس، چپس، گاڑیاں، کیمیکلز، مشینری اور دیگر مصنوعات تیار کر کے دنیا بھر میں برآمد کرتا ہے، جس کی وجہ سے وہ ایک مضبوط صنعتی اور برآمدی معیشت رکھتا ہے۔ اس کے برعکس سعودی عرب کی معیشت زیادہ تر تیل اور پیٹروکیمیکل مصنوعات پر انحصار کرتی ہے۔

جوابی موقف:5)

یہ بیان دراصل حقیقت کا ایک مخصوص رخ دکھاتا ہے، اور اسے اتنا سادہ بنا دیتا ہے کہ دونوں ممالک کی اصل معاشی پیچیدگی اور تبدیلی کا عمل پس منظر میں چلا جاتا ہے۔ ملائشیا اور سعودی عرب کے صنعتی تقابل کو اس انداز میں پیش کرنا کہ ایک مکمل صنعتی برآمدی طاقت ہے اور دوسرا صرف تیل پر کھڑا ہے، حقیقت کو حد سے زیادہ سادہ بنا دینا ہے۔ ملائشیا واقعی الیکٹرانکس، مشینری اور دیگر مصنوعات کی برآمدات کے ذریعے ایک متنوع معیشت رکھتا ہے، مگر اس کی بڑی صنعت اب بھی درمیانی سطح کی ٹیکنالوجی اور عالمی سپلائی چین میں شمولیت تک محدود ہے، نہ کہ مکمل خود مختار اعلیٰ ٹیکنالوجی قیادت تک۔ دوسری طرف سعودی عرب کا تیل پر انحصار اپنی جگہ، مگر اسے محض اسی تک محدود سمجھنا کافی پرانا تاثر ہے؛ پیٹروکیمیکلز، ڈاؤن اسٹریم صنعتوں اور حالیہ معاشی تنوع کی کوششوں نے اس تصویر کو بدلنا شروع کر دیا ہے۔ یوں یہ تقابل درست بنیاد رکھنے کے باوجود دونوں معیشتوں کو دو انتہاؤں میں دکھا کر ایک مبالغہ آمیز اور ادھوری تصویر پیش کرتا ہے۔


موقف:6)

دفاعی شعبے میں سعودی عرب دنیا کے بڑے فوجی اخراجات کرنے والے ممالک میں شمار ہوتا ہے، لیکن اس کے بیشتر ہتھیار بیرونِ ملک سے درآمد کیے جاتے ہیں۔ اس کے مقابلے میں ملیشیا محدود پیمانے پر ہی سہی، مگر بحری جہاز اور کچھ دفاعی سازوسامان خود تیار کرتا ہے۔

جوابی موقف:6)

سعودی عرب اور ملائشیا کے دفاعی تقابل میں یہ کہنا کہ سعودی عرب صرف ہتھیار خریدتا ہے جبکہ ملائشیا خود تیار کرتا ہے، آدھا سچ ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ سعودی عرب واقعی بڑے پیمانے پر اسلحہ درآمد کرتا رہا ہے، مگر اب سعودی عربین ملٹری انڈسٹریز جیسے اداروں کے ذریعے مقامی دفاعی صنعت قائم کرنے کی واضح کوشش جاری ہے۔ دوسری طرف ملائشیا محدود سطح پر، خاص طور پر بحری شعبے میں، پیداوار ضرور کرتا ہے، مگر جدید دفاعی نظام کے لیے وہ بھی بدستور بیرونی ممالک پر انحصار رکھتا ہے۔ یوں یہ تقابل اصل حقیقت کے بجائے ایک سادہ اور قدرے مبالغہ آمیز تاثر پیش کرتا ہے، جہاں دونوں ممالک کی بدلتی ہوئی حکمت عملی کو نظر انداز کر دیا جاتا ہے۔


موقف:7)

خلاصہ یہ ہے کہ ملیشیا نے تعلیم، صنعت اور برآمدات پر توجہ دے کر ایک متوازن اور پائیدار ترقی کا ماڈل قائم کیا، جبکہ سعودی عرب کی معیشت طویل عرصے تک تیل پر انحصار کرتی رہی۔ یہی وجہ ہے کہ وسائل کی فراوانی کے باوجود ترقی کے بعض بنیادی شعبوں میں وہ مطلوبہ مقام حاصل نہ کر سکا۔

جوابی موقف:7)

اول تو یہ دونوں ممالک ایک جیسے نہیں ہیں، نہ جغرافیہ ایک، نہ خطرات، نہ معیشت کی ساخت۔ اسی لیے دفاع اور تعلیم پر خرچ کا فرق محض "ترجیح" نہیں بلکہ مجبر حقیقت (structural compulsion) ہے۔ سعودی عرب، ملائشیا سے تقریباً چھ تا سات گنا زیادہ جی۔ڈی۔پی کا حصہ دفاع (تقریباً 6.5 فیصد سے 7.3 فیصد) پر خرچ کرتا ہے، جو دنیا میں بلند ترین تناسب میں شمار ہوتا ہے۔ تعلیم میں بھی سعودی عرب نسبتاً زیادہ خرچ (تقریباً 5.1 فیصد) کرتا ہے، مگر یہاں ملائشیا (تقریباً 3.6 فیصد) سے اس کا فرق شدید نہیں بلکہ معتدل ہے۔
سعودی عرب کے غیر معمولی دفاعی اخراجات کی بنیادی وجہ خطے کا غیر مستحکم جغرافیائی ماحول ہے، جہاں ایران کے ساتھ کشیدگی، یمن تنازع، اور خلیجی سیکیورٹی کے چیلنجز مسلسل موجود ہیں۔ مزید یہ کہ تیل پر مبنی معیشت سعودی عرب کو بڑے دفاعی بجٹ کی مالی گنجائش دیتی ہے، جبکہ اسلحہ کی درآمد پر انحصار بھی اخراجات کو بڑھاتا ہے۔ اس کے برعکس تعلیم پر نمایاں سرمایہ کاری "ویژن 2030" کے تحت معیشت کو متنوع بنانے اور انسانی وسائل کو مضبوط کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے، تاکہ تیل پر انحصار کم کیا جا سکے۔ یوں سعودی ماڈل واضح طور پر "سیکیورٹی-مرکوز معیشت سے تبدیلی کی طرف" بڑھتا ہوا نظر آتا ہے، جہاں دفاع ناگزیر ضرورت اور تعلیم مستقبل کی سرمایہ کاری ہے۔
دوسری طرف ملائشیا کے کم دفاعی اخراجات کی بنیادی وجہ اس کا نسبتاً پرامن جغرافیائی ماحول اور ایشین (ASEAN) جیسے علاقائی تعاون کے ڈھانچے ہیں، جہاں تنازعات کے بجائے اقتصادی اشتراک کو ترجیح دی جاتی ہے۔ ملائشیا نے اپنی قومی ترجیحات میں دفاع کے بجائے صنعتی ترقی، برآمدات اور انسانی سرمایہ پر توجہ دی، جس کے نتیجے میں تعلیم کو مسلسل اہمیت دی جاتی رہی۔ چونکہ اسے براہ راست کسی بڑے سیکیورٹی خطرے کا سامنا نہیں، اس لیے دفاعی بجٹ (محض ایک فیصد) کو "ضرورت کی حد" تک محدود رکھنا ایک شعوری پالیسی انتخاب ہے، نہ کہ کمزوری۔ مجموعی طور پر ملائشیا کا ماڈل "معیشت-مرکوز استحکام" پر مبنی ہے، جہاں تعلیم ترقی کا بنیادی ستون اور دفاع ایک ثانوی مگر ضروری شعبہ ہے۔


اختتامیہ

ملائشیا اور سعودی عرب کی کہانی دراصل دو مختلف زمانوں، زمینوں اور راستوں کی کہانی ہے۔ ایک وہ خطہ جو نوآبادیاتی دور کی تجارت، بندرگاہوں اور ابتدائی تعلیم کے سہارے آگے بڑھا، اور دوسرا وہ معاشرہ جو محدود وسائل اور سادہ معاشی ڈھانچے سے اٹھ کر تیل کی دریافت کے بعد تیزی سے جدید ریاست میں ڈھلتا گیا۔ ان دونوں کو ایک ہی پیمانے سے ناپنا ایسا ہی ہے جیسے دو مختلف دریاؤں کی رفتار کو ایک ہی موڑ پر پرکھ لیا جائے۔ حقیقت یہ ہے کہ ملائشیا نے صنعتی تنوع اور برآمدی استحکام کے ذریعے اپنی شناخت بنائی، جبکہ سعودی عرب نے غیر معمولی رفتار سے بنیادی ڈھانچے، شہری زندگی اور انسانی ترقی کے کئی اشاریوں میں نمایاں پیش رفت کی۔۔۔ اور اب وہ اپنی معیشت کو نئی سمت دینے کی کوشش میں ہے۔ اس لیے انصاف کا تقاضا یہی ہے کہ نہ ماضی کو بڑھا چڑھا کر پیش کیا جائے اور نہ حال کو، بلکہ دونوں کے سفر کو ان کے اپنے سیاق میں سمجھا جائے۔۔۔ تبھی موازنہ علم بنے گا، ورنہ محض شخصی و انفرادی تاثر ثابت ہوگا۔


حوالہ جات:
1: https://www.islamweb.net/ar/library/content/53/2984/
2: https://www.aramco.com/en/who-we-are/overview
3: https://www.iea.org/energy-system/fossil-fuels/oil
4: https://datahelpdesk.worldbank.org/knowledgebase/articles/906519-world-bank-country-and-lending-groups
5: https://www.worldbank.org/en/country/malaysia/publication/aiminghighmalaysia
6: https://vision2030.ai/sectors/manufacturing/defence-manufacturing/
7: https://www.sipri.org/national-budget-report/malaysia/2023

*****
از: مکرم نیاز (حیدرآباد)۔
26/اپریل/2026ء


Keywords: Saudi Arabia economy, Malaysia economy, Saudi vs Malaysia comparison, developing vs developed countries, defense spending GDP, education spending comparison, oil economy vs industrial economy, Malaysia exports electronics, Saudi Vision 2030, global university rankings comparison, emerging economies analysis, economic diversification
Saudi Arabia vs Malaysia: Economic Reality Check
Saudi Arabia vs Malaysia: A Data-Driven Comparison of Economy, Defense, and Education

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں