ریختہ ادارہ کی افادیت اور اس کے روشن پہلو - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2023/12/11

ریختہ ادارہ کی افادیت اور اس کے روشن پہلو

rekhta-website-jashn

© مکرم نیاز (حیدرآباد)۔
11/دسمبر/2023ء
*****


اگر ہم عصرِ حاضر کی اطلاعاتی و مواصلاتی ٹکنالوجی کی اہمیت و افادیت سے ذرہ برابر بھی واقفیت رکھتے ہیں تو بآسانی سمجھ سکیں گے کہ ریختہ ویب سائٹ / ایپ کے کیا کیا مثبت پہلو ہیں ۔۔۔ مکرم نیاز کی جانب سے چند ایک کی نشاندہی یہاں کی جا رہی ہے:


1) گوگل یا کسی بھی دوسرے سرچ انجن کے ذریعے کسی بھی رسمِ خط (اردو/رومن/دیوناگری) میں اردو کتاب یا رسالہ یا شاعر/ادیب/مصنف کا نام سرچ کیجیے، آپ کو مطلوبہ معلومات مل جائیں گی۔ اردو کے حوالے سے (میری معلومات کی حد تک) سوائے 'ریختہ' کے، ایسی کوئی دوسری ویب سائٹ انٹرنیٹ پر موجود نہیں ہے۔


2) اردو میں لکھنے والے تقریباً تمام مصنفین/مدیران/مرتبین/مولفین کی ایک جامع فہرست ملاحظہ کی جا سکتی ہے (تینوں رسمِ خط میں، یعنی: اردو، دیوناگری اور رومن)۔ اردو ویب سائٹس کی دنیا میں یہ رتبہ صرف 'ریختہ' کو حاصل ہے۔


3) اردو کے اہم، مقبول اور معروف و غیرمعروف ناشرین (طباعتی/اشاعتی ادارے) کی فہرست اور ان کی کتابیں، ذرا سی تلاش پر معلوم کی جا سکتی ہیں (مثلاً: مطبع نول کشور، ادارہ ادبیات اردو، شب خون، شمع گروپ، غالب اکیڈمی، ادارہ تحقیقات اسلامی، دہلی اردو اکادمی، آجکل، خدابخش لائبریری، منشی فیض علی، مطبع سلطانی، جامعہ عثمانیہ، نظام دکن پریس ۔۔۔ وغیرہ)


4) ریختہ ڈکشنری۔ ایک ایسی منفرد آن لائن لغت جس کے ذریعے لفظ کی تلاش تینوں رسم خط (اردو/رومن/دیوناگری) کے ذریعے ممکن ہے اور لفظ کے ہجے اور معانی اردو، انگریزی اور ہندی میں معلوم کیے جا سکتے ہیں۔


5) معروف و غیرمعروف شعراء کا اہم و منفرد کلام ۔۔۔ اس شکل میں کہ ۔۔۔ کسی بھی لفظ کو کلک کرکے اس کے معنی دیکھ لیجیے ۔۔۔ اور یہ کلام تینوں رسمِ خط میں (اردو/دیوناگری/رومن)۔ آج تک اس طرز کی سہولت کسی دوسری ویب سائٹ پر نہیں دی گئی ہے۔


6) ریختہ پر موجود کتابوں کی درجہ بندی موضوعات کے حساب سے مثلاً : فکشن، شاعری، ادب اطفال، تحقیق و تنقید، لسانیات، ترجمہ، سوانح، خودنوشت، مونوگراف، خاکے، تذکرہ، تاریخ، سائنس، صحافت، نصابی تعلیم، رسائل وغیرہ۔ کسی بھی موضوع کو کلک کریں اور اس موضوع کے تحت 'ریختہ' پر موجود تمام کتب ملاحظہ کر لیجیے۔


7) 'ریختہ' پر موجود کسی بھی کتاب کے مندرجات کا اندازہ اس میں موجود فہرست مضامین سے لگایا جا سکتا ہے، اور ہر کتاب کی فہرست مضامین کو یونیکوڈ میں فراہم کیا گیا ہے، جس کا دوسرا مطلب یہ کہ کتاب میں موجود مضامین کے عنوانات قابلِ تلاش (searchable content) ہیں۔


8) فرہنگ قافیہ : ریختہ پر دستیاب تقریباً 70 ہزار غزلوں کے وسیع مجموعہ سے حاصل شدہ دس ہزار سے زائد الفاظ پر مشتمل قافیہ ڈکشنری۔ اس کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ تین رسم الخط میں کام کرتا ہے: اردو، دیوناگری اور رومن۔


9) ریختہ کا تقطیع پروجیکٹ : اردو رسم الخط یا دیوناگری میں کسی بھی شعر یا غزل کی بحر/وزن کو جانچنے کا مشین لرننگ پر مبنی ٹول۔


10) اردو میں شائع ہونے والے قدیم و جدید رسائل کی ایک بھرپور فہرست (حرف تہجی کے زیرشمار)، ماہنامہ، دو ماہی، سہ ماہی، ششماہی، سالانہ ۔۔۔ اور ان رسائل کے متعدد شمارے ریختہ پر ڈیجیٹل شکل (امیج فارمیٹ) میں، عام قاری کے مطالعہ کے لیے دستیاب۔


یہ مزید ایک اہم نکتہ حافظ صفوان کی جانب سے:
11) ریختہ ڈکشنری کی ساؤنڈ فائلیں
ریختہ ڈکشنری کے زیادہ تر سرلفظوں کو مشین جنریٹڈ آواز (یعنی ٹیکسٹ ٹو سپیچ) میں تبدیل کیا گیا ہے، لہٰذا اِس آٹومیٹک کنورشن میں غلطیاں موجود ہیں۔ غلطی کے لفظ سے گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ یوں سمجھ لیجیے کہ قدرتی زبان مشینی زبان نہیں ہوتی چنانچہ مشینی آواز قدرتی لہجہ نہیں ہوتا۔ اِس کی وجہ یہ ہے کہ ہر لفظ کا تلفظ اپنا ہی ہوتا ہے جب کہ مشین جنریٹڈ آواز نرا دو جمع دو چار کی طرح کا مشینی آؤٹ پٹ ہوتا ہے۔ ریختہ کی ڈکشنری ٹیم نے اِس کا حل یہ کیا ہے کہ مشکل الفاظ (یعنی وہ الفاظ جن کی مشین جنریٹڈ آواز لفظ کے درست تلفظ سے بہت مختلف ہوتی ہے) کی ایک فہرست کو نکال کر باقی تمام الفاظ کی ساونڈ فائلز کو اپلوڈ کر دیا ہے۔ ڈکشنری ٹیم اِس فہرستِ الفاظ پر مسلسل کام کر رہی ہے۔ مشین جنریٹڈ ساونڈ کو سن کر غلط تلفظ کو حذف بھی کیا جا رہا ہے۔


یہ ایک اور اہم نکتہ سالم سلیم کی جانب سے:
12) ریختہ کے 'آموزش' نامی اردو سیکھیے پروگرام سے تقریباً ایک لاکھ لوگ اردو رسم الخط سیکھ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ بڑے پیمانے پر اردو OCR پر بھی کام چل رہا ہے۔


***
فوری طور پر ذہن میں در آئے 'ریختہ' ادارے کے فوائد کی یہ ایک مختصر سی جھلک ہے۔ وگرنہ کوئی مزید باریکی اور گہرائی سے تحقیق کرنا چاہیے تو ریختہ کی جانب سے اردو کی ترقی و ترویج کی خاطر اٹھائے جانے والے دیگر کئی مفید اقدامات بھی معلوم کیے جا سکتے ہیں۔ ہاں غیرجانبداری شرط ہے اور پہلے سے کسی قسم کے تحفظات کو ذہن میں نہ پالا جائے۔
جشنِ ریختہ میں اردو رسم الخط کا استعمال نہ کیا جانا یا اردو رسم خط کی اصل کتب کے بجائے دیوناگری خط میں ڈھیروں اردو کتب کو فروخت کے لیے پیش کرنا ۔۔۔ ہم تمام محبانِ اردو کے لیے کوفت کا باعث سہی، مگر اس معمولی سی بنیاد پر ان اندیشوں کا شور و غوٖغا مچانا کہ:
"ریختہ دیوناگری رسمِ خط کو فروغ دے رہا ہے اور اردو رسم الخط کو ختم کرنے کے درپے ہے !"
کسی بھی لحاظ سے منصفانہ نہیں کہلایا جا سکتا ہے!
ہاں، زیادہ سے زیادہ جو اعتراض کیا جا سکتا ہے اس کا اظہار ڈاکٹر ارشد عبدالحمید نے جو یوں کیا ہے، وہ بالکل بجا ہے:

جس طرح ریختہ کی ویب سائٹ پر رومن اور ناگری کے ساتھ اردو رسم الخط بھی موجود ہے تو اسی طرح سہ روزہ میلے میں بھی اردو رسم الخط کو برابر کا حصہ ملنا چاہیے تھا۔ ریختہ جب اتنا اچھا کام کر رہا ہے تو اس ایک خدمت سے گریز کیوں ؟

ہمیں یہ بات یاد رکھنی چاہیے کہ کسی بھی زبان کا رسمِ خط کسی فرد یا ادارے کی جاگیر نہیں کہ جب چاہے آسمان پر پہنچا دے یا جب چاہے زمین سے ختم کر ڈالے۔ رسم خط کو بچانا اس زبان کے ہر نام لیوا کی انفرادی ذمہ داری ہے، دوسرے کو دوش دینے سے قبل ہمیں خود اپنے گریبان میں جھانکنا چاہیے کہ یہ ذمہ داری ہم کس حد تک پوری کر رہے ہیں یا پوری کر رہے ہیں بھی یا نہیں؟!

Efficacy of Rekhta organization and its radiant aspects.

1 تبصرہ:

  1. بہت شکریہ۔ میں بھی یہی کہنا چاہتا تھا۔ آپ نے بالکل واضح کر دیا۔

    جواب دیںحذف کریں