تلنگانہ دسویں جماعت کے امتحانات - انگریزی کا پرچہ - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2023/04/09

تلنگانہ دسویں جماعت کے امتحانات - انگریزی کا پرچہ

ssc 2023 english exam paper telangana

© مکرم نیاز (حیدرآباد)۔
9/اپریل/2023ء
*****


راقم الحروف اپنی فیس بک ٹائم لائن پر، تعلیمی موضوعات کے حوالے سے، حالات حاضرہ کے تناظر میں کبھی کبھار لکھتا ہے۔۔۔ اور اردو والوں کو اس پر لکھنا چاہیے بھی۔۔۔ میرے اس طرح کے مراسلات کا ایک مقصد دوسروں کو اس موضوع پر لکھنے کی ترغیب دلانا بھی ہوتا ہے، تاکہ مختلف قومی/بین الاقوامی تعلیمی معیار کی صورتحال کا کچھ اندازہ ہو سکے۔
گذشتہ دنوں تلنگانہ انٹرمیڈیٹ سالِ آخر (بارہویں جماعت) کے انگریزی امتحانی پرچے کے چند صفحات شئر کیے تھے جس پر مختلف معزز مبصرین کے تبصروں/تجزیوں سے ایک بہتر مکالماتی فضا قائم ہوئی اور یہ بھی معلوم ہوا کہ متذکرہ پرچے میں "فنکشنل انگلش" کا زور رہا جو کہ موجودہ دور کا تقاضا بھی ہے۔
تلنگانہ میں دسویں جماعت کے امتحانات کے چار پرچے ہو چکے ہیں اب صرف سائنس اور سماجی علوم (سوشل اسٹڈیز) کے پرچے باقی ہیں جو بالترتیب پیر اور منگل کو مقرر ہیں۔


آئیے دسویں جماعت کے انگریزی پرچے پر کچھ گفتگو کرتے ہیں۔ پرچہ آٹھ (8) صفحات پر مشتمل تھا، جسے پی۔ڈی۔ایف شکل میں بھی ڈاؤن لوڈ کیا جا سکتا ہے، لنک نیچے دیا گیا ہے۔


ایک بات کا اندازہ ہوا کہ پرچے میں لڑکے اور لڑکیوں کے مختلف رجحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے ایک سوال دونوں اصناف کے لیے الگ الگ مرتب کیا گیا تھا۔ مثلاً کھیلوں میں دلچسپی کا عنصر لڑکوں میں نسبتاً زیادہ ہوتا ہے، لہذا ایک سوال یوں تھا کہ: کرکٹ کے نامور ہندوستانی کھلاڑی سچن تنڈولکر کی زندگی کے اہم لمحات، چند نکات کی شکل میں پیش کیے گئے اور طلبا سے کہا گیا کہ ان نکات کی روشنی میں سچن تنڈولکر کی مختصر سوانح تحریر کریں۔


اسی طرح دوسرا سوال لڑکیوں کے حوالے سے تھا۔ سوال میں کہا گیا کہ عالمی یومِ خواتین کے موقع پر آپ کا اسکول لڑکیوں کے لیے مختلف کھیلوں کا اہتمام کر رہا ہے اور آپ اپنی جماعت کی نمائندہ طالبہ ہیں۔ لہذا اس موقع کے لیے کوئی تعارفی اعلامیہ تیار کیجیے جس کے ذریعے کلاس کی لڑکیوں سے ان کھیلوں میں حصہ لینے کی درخواست کی جائے۔


ایک اور سوال نہ صرف اہم تھا بلکہ بین المذاہب ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کی ترغیب دلانے پر گویا منحصر تھا۔ ویسے یہ سوال ایک نصابی کہانی (بعنوان: میرا بچپن) سے متعلق تھا جو کہ سابق صدر جمہوریہ ہند اے۔پی۔جے عبدالکلام کی سوانحی کتاب سے ماخوذ کہانی تھی۔ کہانی میں عبدالکلام نے اپنے بچپن کا ایک واقعہ بیان کیا تھا کہ کس طرح ان کی جماعت میں نئی وارد ہونے والی ایک استانی نے ان کے ہندو دوست کے پاس سے انہیں اٹھا کر سب سے پچھلی بنچ پر بیٹھنے کا حکم دیا تھا مگر بعد میں اس ہندو لڑکے کے پجاری والد کی سخت سرزنش پر استانی کو اپنے خراب رویے کا احساس ہوا اور انہوں نے معافی مانگی۔ طلبا سے کہا گیا کہ استانی اور پجاری کے درمیان ہونے والے مکالمے کو دئے گئے چند نکات کی روشنی میں تحریر کریں۔


ایک اور سوال موسیقی کے آلات کے زمرہ جاتی جدول (ٹیبل) سے متعلق رہا۔ جدول میں فراہم کی گئیں معلومات کے سہارے چار دلچسپ سوالات پوچھے گئے۔
متن کے حوالے سے اور گرامر کے قواعد و ضوابط کے متعلق دیگر سوالات بھی طلبا کی لسانی صلاحیت و قابلیت کو جانچنے کے بہترین نمونے رہے ہیں۔


تلنگانہ دسویں جماعت بورڈ امتحان - انگریزی کا پرچہ
پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں ڈاؤن لوڈ کیجیے۔

تعداد صفحات: 8
pdf فائل سائز: 2.3-MB
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
English SSC 2023 exam paper Telangana.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:
Telangana SSC board exams 2023, the English paper.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں