© مکرم نیاز (حیدرآباد)۔
19/مارچ/2023ء
*****
انڈیا کی متعدد ریاستوں میں انٹرمیڈیٹ (گیارہویں و بارہویں جماعت) کے سالانہ امتحانات شروع ہو چکے ہیں۔ جنوبی ہند کی ہماری ریاست #تلنگانہ میں بھی جاریہ ماہ مارچ کے اختتام تک انٹرمیڈیٹ سال اول (گیارہویں) و دوم (بارہویں) کے امتحانات کی تکمیل ہو جائے گی جس کے بعد ایس۔ایس۔سی (دسویں / میٹرک) کے امتحانات کا آغاز ہوگا۔
تلنگانہ میں انٹر سال دوم کا آغاز 16/مارچ سے ہوا ہے۔ پہلا پرچہ زبان دوم کا تھا (جو کہ مسلم طلبا کی اکثریت "عربی" اور بہت کم "اردو" یا "تلگو" زبان کا انتخاب کرتی ہے)۔ زبان اول یعنی انگریزی کا پرچہ 18/مارچ بروز ہفتہ کو تھا۔
ذیل میں اسی انگریزی پرچے کے چند سوالات کے عکس پیش ہیں۔
سوالات کے طرز اور انتخاب کو دیکھ کر اندازہ لگایا جا سکتا ہے کہ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ موجودہ دور کے تقاضوں کے پیش نظر طلبا کی تربیت و جانچ پر خوش اسلوبی سے عمل پیرا ہے۔ کمشنر تلنگانہ اسٹیٹ بورڈ آف انٹرمیڈیٹ ایجوکیشن سید عمر جلیل (آئی۔اے۔ایس) کے وظیفہ حسن خدمات پر ستمبر 2022ء میں سبکدوشی کے بعد نوین مِتل (آئی۔اے۔ایس) نے بخیر و خوبی اس کاز کو سنبھالا ہے جس پر وہ اولیائے طلبا کی جانب سے داد و تحسین کے مستحق ہیں۔
اسی انگریزی کے پرچے سے کچھ سوالات ملاحظہ فرمائیے ۔۔۔۔
سوال-9 : ادب ہماری زندگی میں ایک اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ادب کی کئی اصناف ہیں جو مندرجہ ذیل نقشہ میں ملاحظہ کی جا سکتی ہیں۔ انہیں دیکھ کر سوالات کے جواب دیجیے۔
سوال-14 : ورنگل کا متوطن ایک شخص بنک سے ڈیمانڈ ڈرافٹ حاصل کرنا چاہتا ہے جس کی معلومات ذیل کے پیراگراف میں دی گئی ہیں۔ انہیں پڑھ کر، بنک کے فارم کو پُر کیجیے۔
سوال-8 : ذیل میں الیکشن کمیشن آف انڈیا کا ایک سرکاری اشتہار دیا گیا ہے۔ اسے پڑھ کر درج ذیل سوالات کے جواب لکھیے۔
سوال-15 : وساوی اسکول نے اساتذہ کی کچھ پوسٹس پر بھرتی کا اشتہار جاری کیا ہے، اس کے جواب میں اپنا بائیو ڈیٹا آپ کس طرح تیار کریں گے، وہ یہاں لکھیے۔
سوال-16 : آپ اپنی ماں کا خاکہ کس طرح لکھیں گے؟ درج ذیل اشاروں کے سہارے مضمون لکھیے : زندگی کی اہم شخصیت، علی الصبح بیداری، اہل خانہ کے لیے ناشتہ کی تیاری، بزرگوں کی دیکھ بھال، بغیر شکایت کام میں مصروف، جذباتی سطح پر طاقتور، محبت و ایثار کی نمائندہ۔
یا
درج ذیل اجزا کے سہارے آلو فرائی کس طرح بنایا جا سکتا ہے، اس پر لکھیے:
آلو، تیل، نمک، ہلدی، مرچ مسالہ، فرائنگ پین، پکوان کا دورانیہ، پکوان کا طریقہ کار۔
نوٹ:
سوالات کی نوعیت و طرز پر تبصرہ کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد اسلم فاروقی (پرنسپل گورنمنٹ ڈگری کالج، ظہیرآباد، تلنگانہ) لکھتے ہیں:
یہ عملی تعلیم کا حصہ ہے۔ ایس ایس سی میں بھی اس طرح کے سوالات پوچھے جاتے ہیں کہ آپ کے علاقے میں موسم کی شدت یا فضائی آلودگی کی وجوہات کیا ہیں؟ زبان کی تدریس کے دوران مشاہدات پر مبنی عملی سوالات، جن کا تعلق روزمرہ زندگی سے ہو، فی زمانہ ضروری ہیں۔ اگر طالب علم کا مشاہدہ گہرا ہو اور اس میں اظہار خیال کی صلاحیت موجود ہو تو وہ بہتر مظاہرہ کر سکتا ہے۔
اردو کی نصابی کتابوں میں اس طرح کی عملی مشق کی ضرورت ہے، جبکہ ہم روایتی طور پر اشعار کی تشریح، متن کا حوالہ، کہانی کا خلاصہ، اسم کی اقسام۔۔۔ پڑھا رہے ہیں۔
گزشتہ انٹر نصابی کتاب کی تیاری کمیٹی میں، میں بھی شامل تھا اور میں نے بہ طور خاص روداد نگاری کی مشق کو شامل نصاب کرایا تھا جیسا کہ اس پرچے میں ہے کہ کچھ اشارے دے کر یا کسی واقعہ کی روداد لکھنے کے لیے کہا گیا۔
موضوعاتی مکالمے، کاروباری گفتگو، فارم بھرنا اور دیگر مشقوں سے زبان دانی بہتر ہو سکتی ہے اور جب طالب علم عملی زندگی میں قدم رکھتا ہے تو وہ زندگی کے ہر شعبے میں زبان کو بہتر طور استعمال کر سکتا ہے۔
سوال-17 : فرض کیجیے کہ آپ ایک رفاہی رضاکارانہ ادارے کے سربراہ ہیں۔ ریڈکراس تنظیم کے لیے بلڈ ڈونیشن کیمپ کا انعقاد عمل میں لانا چاہتے ہیں۔ اپنے چچا کو اس ضمن میں تعاون کے لیے انہیں خط لکھیے۔
یا
اپنے دفتر کے منیجر کو درخواست لکھیے کہ آپ کو پانچ دن کی چھٹی منظور کی جائے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں