© مکرم نیاز (حیدرآباد)۔
14/اپریل/2023ء
*****
معمارِ آئینِ ہند : (بابا صاحب) بھیم راؤ رام جی امبیڈکر
پیدائش: 14/اپریل 1891ء
وفات: 6/دسمبر 1956ء
کے 132 ویں یومِ پیدائش پر جنوبی ہند ریاست تلنگانہ کا بھرپور خراج عقیدت
انڈیا کے بلند ترین امبیڈکر مجسمہ کی نقاب کشائی آج حیدرآباد میں تلنگانہ سکریٹریٹ کی نئی عمارت کے قریب وزیر اعلیٰ تلنگانہ چندر شیکھر راؤ (کے۔سی۔آر) کے ہاتھوں امبیڈکر جینتی پر منعقدہ فقید المثال تقریب کے دوران عمل میں آئے گی۔
واضح رہے کہ تلنگانہ سکریٹریٹ (دفاتر معتمدی) کی نئی عمارت بھی ڈاکٹر بی۔آر۔امبیڈکر کے اسم گرامی سے موسوم ہے۔ (تصویر ملاحظہ فرمائیں)۔
امبیڈکر مجسمہ اور اس کی عمارت کی چند خصوصیات:
- ** محکمہ عمارات و شوارع (روڈس اینڈ بلڈنگس) کی زیرنگرانی مجسمہ اور متصل عمارت کی تعمیر عمل میں آئی ہے۔
- ** مجسمہ کا ڈیزائن 98 سالہ پدم بھوشن ایوارڈ یافتہ رام وانجی سوتر نے تیار کیا ہے جنہیں متذکرہ تقریب میں خصوصی تہنیت پیش کی جا رہی ہے۔ ڈاکٹر بی۔ آر۔ امبیڈکر کے پوتے اور سابق رکن پارلیمان پرکاش امبیڈکر تقریب کے مہمانِ خصوصی رہیں گے۔
- ** مجسمہ کی جملہ اونچائی: 125 فیٹ (جس میں زمین سے 50 فیٹ بلند چبوترہ بھی شامل ہے)۔ اس عمارت میں امبیڈکر کی سوانح پر مبنی تصاویر گیلری، آڈیٹوریم اور میوزیم شامل ہیں۔ حسین ساگر سے متصل ساڑھے گیارہ ایکڑ پر یہ عمارت تعمیر کی گئی ہے اور اسی کے بازو میں تلنگانہ سیکرٹریٹ کی نئی عمارت واقع ہے۔
- ** مجسمہ 360 میٹرک ٹن اسٹین لیس اسٹیل سے تیار کردہ ہے جس کے بیرونی حصہ پر 114 میٹرک ٹن کانسہ (برانز) استعمال کیا گیا ہے۔ مجسمہ تقریباً 26 ہزار مربع فیٹ پر تعمیر کیا گیا ہے اور اس کی لاگت کا تخمینہ تقریباً 150 کروڑ روپے ہے۔
- ** عمارت سے متصل تقریباً تین ایکڑ رقبہ سبزہ زار پر مشتمل ہے۔ 450 کاروں کی پارکنگ کی سہولت کے علاوہ عمارت کی چھت پر جاکر مجسمہ کو قریب سے مشاہدہ کرنے کے لیے دو عدد لفٹ کی سہولت فراہم کی گئی ہے۔
عزت مآب وزیر عمارات و شوارع ویمولا پرشانت ریڈی کے بموجب:
یہ مجسمہ سکریٹریٹ کے قریب اس لیے بھی نصب کیا گیا ہے کہ تمام حکمرانوں، عہدیداروں اور ملازمین کو بابا صاحب امبیڈکر کی خدمات کی یاد دلائی جا سکے جنہوں نے دبے کچلے اور پسماندہ طبقات کو اونچا اٹھانے کی خاطر اپنی زندگی کو وقف کر دیا تھا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں