مجروح سلطان پوری - از وہاب اشرفی - pdf download - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2019/10/01

مجروح سلطان پوری - از وہاب اشرفی - pdf download

majrooh-sultanpuri by Wahab Ashrafi

مجروح سلطان پوری (پ: 17/جون 1920 ، م: 24/مئی 2000)
اردو کے نامور شاعر و فلمی نغمہ نگار رہے ہیں۔ ان کی تاریخ پیدائش کے سلسلے میں ادبی دنیا میں اختلاف موجود ہے۔ عموماً یکم/اکتوبر ان کی تاریخ پیدائش مانی جاتی ہے (انگریزی ویکیپیڈیا کے حوالے سے بھی)۔ مگر اردو کے مشہور محقق کالی داس گپتا رضا کی تحقیق کے مطابق مجروح سلطان پوری کی اصل تاریخ ولادت 17/جون 1920 ہے۔

ہندوستان کی ساہتیہ اکادمی نے مختصر تعارفی کتب سیریز "ہندوستانی ادب کے معمار" کے تحت 2003 میں مجروح سلطان پوری پر تقریباً 100 صفحات کی ایک کتاب شائع کی ہے جس کے مصنف، اردو دنیا کے نامور نقاد پروفیسر وہاب اشرفی ہیں جن کی ایک مشہور تصنیف "تاریخ ادبیات عالم" (پانچ جلدیں) بھی ہے۔
مجروح سلطان پوری پر پروفیسر وہاب اشرفی کی یہ مختصر مگر قابل قدر کتاب پی۔ڈی۔ایف فائل شکل میں پیش خدمت ہے۔

مجروح ترقی پسند شاعروں میں نمایاں مقام رکھتے ہیں۔ ان کی شاعری کا سرمایہ قلیل ہے، پھر بھی وہ یکسر رد نہیں ہوئے بلکہ اردو غزل گوئی کی بعض روایتوں کے امین بن کر ابھرے۔ یوں بھی ہوا کہ ترقی پسندی کے تقاضوں کے پیش نظر ان کے کلام میں کچھ گھن گرج کی کیفیت ملتی ہے لیکن وہ دال میں نمک کے برابر ہے۔
مجروح نے زندگی کا ایک بڑا حصہ فلمی دنیا میں بسر کیا۔ اس طرح ان کی ساری تخلیقی قوت وہیں صرف ہوتی رہی۔ چونکہ مجروح غزل گوئی میں اپنے امتیازات سے ہٹنا نہیں چاہتے تھے اس لیے تخلیقی پر خود پر پابندی لگا رکھی تھی۔ لیکن تخلیقی قوت نے ایک دوسرا رخ اختیار کیا او وہ رخ تھا فلمی گیتوں کو ایک اعتبار دینا۔ اس میں وہ خاصے کامیاب بھی ہوئے۔

پروفیسر وہاب اشرفی اپنی کتاب کے پہلے مضمون "مجروح سلطان پوری : حالات زندگی" میں لکھتے ہیں۔۔۔
مجروح کے انتقال کے فوراً بعد کالی داس گپتا رضا نے مجروح سے متعلق اپنے ایک مضمون ("منفرد غزل گو : مجروح سلطان پوری" ، مطبوعہ: "آج کل" نئی دہلی، اگست 2000ء) میں لکھا:
ایک روز میں نے ان سے ان کی تاریخ ولادت دریافت کی کیوں کہ "تذکرہ ماہ و سال" (مرتبہ : مالک رام) میں درج تاریخ یکم/جولائی 1915ء سے مجھے اتفاق نہ تھا۔ فرمایا کہ 1915ء تو غلط محض ہے مگر قرائن سے معلوم ہوتا ہے کہ 1919ء سال ولادت ہوگا۔ میں نے مزید ٹٹولا تو انہوں نے اپنی بڑی بہن کے حوالے سے مجھے کئی باتیں بتائیں۔ میں نے دو تین گھنٹوں کی مغز پچی کے بعد ان کی ہمشیرہ (جو عمر میں ان سے بڑی تھیں) کے دئے ہوئے حوالوں کی مدد سے ان کی تاریخ ولادت متعین کر دی جسے سن کر وہ بہت خوش ہوئے۔ ابھی حال ہی کے ایک انٹرویو میں انہوں نے یہی تاریخ ولادت بتائی تھی اور کہا تھا کہ اس کا تعین کالی داس گپتا رضا نے بڑی خولی سے کیا ہے اور یہی صحیح ہے۔ تاریخ ولادت یہ ہے :
17/جون 1920ء جمعرات صبح چار بجے۔

مجروح سلطان پوری کے انتقال کے بعد ان کے صاحبزادے نے انگریزی میں موصوف کا ایک خاکہ مرتب کیا ہے، جس کے مطابق ان کی پیدائش یکم اپریل 1919ء ہوتی ہے۔ خلیق انجم نے اپنی مرتبہ کتاب "گلکاری وحشت کا شاعر" میں ایک سوانحی خاکہ درج کیا ہے جس میں یہ کہا گیا ہے کہ مجروح نے خود خلیق انجم کو یہ بتایا تھا کہ ان کی پیدائش کا سال 1915ء يا 1916ء ہے۔ یہ بیان خلیق انجم صاحب کا ہے جس کی کوئی سند پیش نہیں کی گئی ہے۔ چونکہ مجروح نے ڈاکٹر ضیاء الدین شکیب کو جو بیان دیا تھا، اس سے اور ان کے صاحبزادے کی تحریر سے بھی ان کی پیدائش کا سال 1919ء اور کالی داس گپتا رضا کے مطابق 1920ء برآمد ہوتا ہے اس لئے 1919ء یا 1920ء کو ہی ان کی پیدائش کا سال تسلیم کرنا چاہیے۔

کتاب "مجروح سلطان پوری از وہاب اشرفی" پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں یہاں سے ڈاؤن لوڈ کیجیے۔
تعداد صفحات: 97
pdf فائل سائز: 3MB
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
مجروح سلطان پوری از وہاب اشرفی
Ghalib aur Banaras - by Shahid Mahuli


Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں