عالم ہے بے خودی کا کیسا وضو کی گلی میں - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2025/12/19

عالم ہے بے خودی کا کیسا وضو کی گلی میں

پچاس سال پہلے کی بات ہے، مدرسہ میں دینیات پیریڈ کے مولوی صاحب نے مار مار کر دورانِ وضو کی جن کوتاہیوں سے بچنے کے طریقے اور فوائد بتائے تھے وہ آج تک نہیں بھولے۔۔۔ مگر صاحب، ہر نمازی کو کہاں ایسے صلاح کار آج نصیب ہوتے ہیں۔۔۔ اپنے اپنے نصیب کی بات ہے۔
خدا گواہ ہے برصغیر میں تو ایسے "نصیب والے" کم ہی دیکھے ہیں چاہے حرمین شریفین کے وضو خانے ہوں یا خلیجی ممالک کی مساجد کے وضو خانے یا برصغیر کے ۔۔۔ اپنی قوم کے تو طریقے ہی نرالے ہیں سبحان اللہ۔


کھنکھار کھنکار کر سارا بلغم ایسے نکالیں گے جیسے ہفتے بھر کے زکام کو آج جمعے کے وضو میں ہی ختم کرکے دَم لینا ہے۔ ناک کی ساری غلاظت سڑ سڑ کر کے یوں پانی میں بہائیں گے گویا اگلے جمعے تک ناک کو کامل فرصت دے دی جائے گی۔ کچھ مصلیان کو تو دورانِ وضو شاید بچپن کے دن ٹوٹ ٹوٹ کر یاد آتے ہیں جب وہ اپنے کزنز اور دوستوں پر پانی کی چھینٹیں، پھواریں اچھالا کرتے تھے، لہذا اپنے وضو کے پانی سے جب تک آزو بازو والے کو بھی شرابور نہ کر دیں، اپنا وضو غالباً انہیں نامکمل سا محسوس ہوتا ہے۔ چہرے پر پانی چھپاک چھپاک ایسے ماریں گے گویا کوئی خاتون بعد تقریبِ نکاح، واپس گھر پہنچ کر باتھ روم میں میک اَپ سے چھٹکارا حاصل کرنے کا بااہتمام جتن کر رہی ہو۔


پاؤں دھونے کا تو ایک الگ ہی ایشو ہے۔ صحیح مسلم کی حدیث (ایڑیوں کو پانی نہ لگنے پر آگ کے عذاب کی وعید) ہر کسی کو یاد ہوتی ہے، مگر بھائی، پاؤں یا ایڑی کو دھونے میں وقت لگتا ہی کتنا ہے، بمشکل تمام ایک ڈیڑھ منٹ۔۔۔ مگر خدا گواہ ہے لاتعداد بار یہی دیکھا کہ کچھ نمازی ایڑی اور پاؤں کی انگلیوں کے درمیان کی کثافت کو دھونے میں ایڑی چوٹی کا زور اور پورے پانچ پانچ منٹ لگا دیتے ہیں۔ کچھ مواقع پر حبیب لبیب #مرزا کو اشارے بھی کیا کہ سوال پوچھیں: خدا نے کتنا انعام رکھا ہے پاؤں دھونے پر؟ اور ہم جواب میں چلا کر کہیں: پورے پچاس ہزار!


لرزہ بر اندام والا خوف تو ان صاحبانِ دستارِ فضیلت سے ہوتا ہے جو نہایت شانِ استغنا سے جھومتے جھامتے وضو خانے میں داخل ہو کر، ایک چوکی پر قبضہ کرنے کے بعد پندرہ بیس منٹ تو۔۔۔ سر سے ٹوپی اتارنے، مسواک سے دانتوں میں خلال کرنے، دعاؤں کا ڈھیر سارا وظیفہ پڑھنے کے بعد، انگشتِ شہادت سے آسمان کی طرف اشارہ کرکے "اللہ واحد" کا اشاراتی نعرہ داغتے ہیں، پھر دونوں آستینیں چڑھا کر نل پر یوں پل پڑتے ہیں کہ: یلغار ہو!
اچھا وضو اور اہتمام سے وضو، اچھی بات ہے مولانا۔۔۔ ہم کون سا اس کی فضیلت سے انکار کر رہے ہیں۔۔۔ مگر مسجد کا یہ مختصر سا وضو خانہ آپ کے آبا و اجداد کی جاگیر ہے کہ سسرال سے جہیز میں ملا ہے؟ اپنے گھر سے فرائض و سننِ وضو کی بااہتمام تکمیل کے بعد ہی مسجد میں وارد ہونے سے کیا پریشانی لاحق ہے آپ کو حضور؟


اچھا بھائی، اب اپن چلتے ہیں، اتنی دیر سے دھوپ سینکنے کے بعد پانی کے وہ دھبے شرٹ سے سوکھ چکے ہیں جو آج وضوخانے میں ایک پڑوسی نمازی صاحب نے تبرکاً ارسال کیے تھے۔

*****
فکاہیہ از: مکرم نیاز (حیدرآباد)۔
19/دسمبر/2025ء


Mistakes made during ablution. Humorous Light-Essay by: Mukarram Niyaz.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں