ہندوستانی محکمہ ڈاک: 50 سالہ رجسٹرڈ پوسٹ خدمات کا اختتام - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2025/08/10

ہندوستانی محکمہ ڈاک: 50 سالہ رجسٹرڈ پوسٹ خدمات کا اختتام

ہندوستانی محکمہ ڈاک کی جانب سے 50 سالہ "رجسٹرڈ پوسٹ" خدمات کا اختتام
یہ الگ بات ہے کہ۔۔۔ "انڈیا پوسٹ" نے اپنے 7/اگست کی ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ:
"رجسٹرڈ پوسٹ" کو ختم نہیں کیا گیا ہے بلکہ اسے محکمہ ڈاک کی متوازی خدمت 'اسپیڈ پوسٹ' میں ضم کر دیا گیا ہے۔


انڈیا ٹوڈے ڈاٹ اِن میں اس موضوع پر انگریزی میں میگھا چترویدی نے ایک متاثر کن نوٹ لکھا ہے۔
اسی طرح اردو میں امتیاز احمد نے "ممبئی اردو نیوز" کے آج اتوار 10/اگست 2025ء کے شمارے میں جو اسپیشل اسٹوری لکھی ہے، وہ کچھ یوں ہے۔۔۔

الوداع "رجسٹرڈ پوسٹ" ایک دور کی خاموش رخصتی
یکم ستمبر 2025 سے محکمہ ڈاک میں بڑا فیصلہ
پچاس برس سے بھی زیادہ عرصے تک ایک خاموش مگر پُراعتماد ساتھی رہا رجسٹرڈ پوسٹ۔ وہ لفافہ جو ہلکی سی دستک کے ساتھ دروازے پر پہنچتا تھا۔ وہ ڈاکیہ جس کی سائیکل کی گھنٹی سنتے ہی سب کے دل دھڑک اٹھتے تھے، کہ شاید آج کوئی خط کوئی پوسٹ کارڈ یا منی آرڈر آیا ہو، اب وہی رجسٹرڈ پوسٹ سروس یکم ستمبر 2025ء سے بند ہونے جا رہا ہے۔ بھارت ڈاک نے فیصلہ کیا ہے کہ اس سروس کو اسپیڈ پوسٹ میں ضم کر دیا جائے۔ ایک عہد ختم ہوگا، اور ایک نیا دور شروع ہوگا۔
ایک زمانہ تھا جب ہم سیاہی سے خط لکھتے تھے، رنگین ڈاک ٹکٹ لگا کر لفافے کو چومتے تھے، اور ڈاک خانے کے سرخ بکس میں ڈال دیتے تھے یقین کے ساتھ کہ یہ صحیح وقت پر منزل تک پہنچ جائے گا۔ رجسٹرڈ پوسٹ اس اعتماد کا نام تھا کہ خط نہ کھوئے گا، نہ کہیں بھٹکے گا۔ ریسیو کی رسید ملتی تھی ، اور دل کو سکون رہتا تھا "ہاں پہنچ گیا"۔
مگر اب زمانہ بدل گیا ہے۔ موبائل، ای میل اور واٹس ایپ نے کاغذ کی خوشبو چھین لی ہے۔ لوگ اب ٹریکنگ اور فوری اپڈیٹس چاہتے ہیں۔ ڈاک گھر چاہتا ہے تیزی، درستگی اور مالی توازن۔ اسی لیے رجسٹرڈ پوسٹ کی جگہ اب اسپیڈ پوسٹ لے گی، کچھ تیز ، کچھ مہنگی ، مگر جدید اور ٹریکنگ کے قابل۔
مگر یادیں کہاں جائیں گی ؟ کبھی ماموں کے بھیجے ہوئے پانچ روپے کا منی آرڈر، کبھی چھوٹے بھائی کی پہلی نوکری کا خط، یا کسی دوست کا دور گاؤں سے آیا پوسٹ کارڈ، یہ سب رجسٹر ڈ پوسٹ کے ذریعے ہی ہم تک پہنچتے تھے۔ اب شاید وہ احساس کم ہو جائے ، وہ انتظار، وہ بار بار دروازے کی طرف دیکھنا ، وہ لفافے کو کھولنے سے پہلے اس کا بھورا رنگ دیکھنا، اور پھر آنکھوں سے لگا کر پڑھنا یہ سب کچھ ایک تاریخ بن جائے گا۔
ایک سادگی بھرے دَور کو سلام! 'رجسٹرڈ پوسٹ'، تم نے ہمیں جوڑا شہر سے گاؤں، ماں سے بیٹے ، دوست سے دوست۔ تم نے رشتوں کو فاصلے سے آزاد کیا۔ اب تم نہیں رہو گے ، مگر ہماری یادوں میں ہمیشہ رہو گے۔
آگے کی طرف اب اسپیڈ پوسٹ ہوگی تیز ، ٹریکنگ کے قابل اور جدید مگر وہ گرمجوشی اور اپنائیت جو پرانی ڈاک میں تھی ، شاید کبھی واپس نہ آ سکے۔ بھارت ڈاک بدلتے وقت کے ساتھ قدم سے قدم ملا کر مگر دل میں وہی پرانی چٹھیوں کی خوشبو لیے۔


The end of India post's "registered post" service after nearly 50 years

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں