کثیراللسانیت (multilingualism) کی صلاحیت رکھنے والی شخصیات کو انگریزی میں پالیگلوٹ (polyglot) کہا جاتا ہے۔ یعنی ایسا شخص جو کم از کم پانچ زبانوں پر عبور رکھتا ہو (البتہ یہ ضروری تو نہیں کہ ان پانچ زبانوں میں "لکھنے" کی بھی اعلیٰ ترین قابلیت رکھتا ہو)۔
ارسطو کے بعد دوسرا بڑا فلسفی مانے جانے والا علم ریاضی، طب، موسیقی اور منطق کا ماہر الفارابی، 800 سال بعد از مسیح دور کی وہ عظیم شخصیت ہے جس کے متعلق کہا جاتا ہے کہ وہ 70 زبانوں پر عبور رکھتا تھا۔ (جس کے لیے "ہائپر پالیگلوٹ" کی اصطلاح مستعمل ہے)۔
کثیراللسانیت کے اس زمرہ کی متعدد شخصیات میں شامل ہیں: ملکہ قلوپطرہ، ملکہ الزبیتھ (اول)، سلطان محمد فاتح (عثمانی ترک)، جان ملٹن، کارل مارکس، پوپ فرانسس، رنگناتھ شاستری (انڈیا)، احمد کسروی (ایران)، سید مجتبٰی علی (بنگلہ دیشی ادیب)، عزیز احمد (اردو ناول نگار)، پی وی نرسمہا راؤ (سابق وزیراعظم ہند)، جون ایلیا (مشہور پاکستانی اردو شاعر) اور دیگر۔۔۔
سابقہ نظام شاہی ریاست حیدرآباد دکن کے معروف و مقبول اسلامی دانشور، محقق، قانون داں، محدث، فقیہ اور مترجم قرآن ڈاکٹر محمد حمید اللہ (پیدائش: فروری 1908ء مملکت آصفیہ، وفات: دسمبر 2002ء فلوریڈا امریکہ) بھی اسی زمرے سے تعلق رکھتے تھے اور دس زبانوں سے واقف تھے۔ گوکہ ان کی طبع زاد کتب سات زبانوں میں دستیاب ہیں: اردو، فارسی، انگریزی، جرمن، فرانسیسی، عربی اور ترکی۔
ہندوستانی فلمی صنعت کے موجودہ دور میں اس زمرہ سے تعلق رکھنے والے دو اداکار بہت مشہور ہیں:
کمل ہاسن (تمل، ملیالم، کنڑ، تلگو، ہندی، مراٹھی اور انگریزی)
پرکاش راج (کنڑ، تولو، تمل، ملیالم، تلگو، ہندی اور انگریزی)
ہرچند کہ ہندوستانی فلمی صنعت میں پالیگلوٹ طبقہ کے کچھ دیگر فلمی فنکار بھی شامل ہیں لیکن شاید یہ بات بہت کم لوگ جانتے ہیں کہ حالیہ ریلیز شدہ بالی ووڈ فلم "وار-2" کے دوسرے لیڈ اداکار کا تعلق بھی اسی زمرے سے ہے۔
نند مورتی تارک راما راؤ جونئیر (المعروف: جونیئر این ٹی آر، پیدائش: 20/مئی 1983ء، حیدرآباد)، ہندوستانی فلمی صنعت میں کچی پوڑی رقص کے چنندہ فنکاروں میں جہاں شمار ہوتے ہیں وہیں وہ پانچ زبانوں (تلگو، تمل، کنڑ، ہندی اور انگریزی) پر بھی عبور رکھتے ہیں۔
*****
تحقئق مع کمپوزنگ از: مکرم نیاز (حیدرآباد)۔
16/اگست/2025ء
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں