ہوا کے سرٹیفائیڈ غبارے - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2023/09/20

ہوا کے سرٹیفائیڈ غبارے

Air inside potato chips packet

© مکرم نیاز (حیدرآباد)۔
20/ستمبر/2023ء
*****


کیا آپ نے کبھی لیز چپس (Lay's Chips) کا پیکٹ خریدا اور کھایا ہے؟ یا اس جیسے لوکل برانڈ کے آلو چپس مثلاً ڈائمنڈ، بنگو، ہلدی رام، پارلے، ٹیگز، سَن چپس، انکل چپس وٖغیرہ؟
اگر کھایا ہو تو معلوم ہی ہوگا کہ کس قدر بھرے بھرے سے پیکٹ ہوتے ہیں لیکن کھولتے ہی پُرامید دل کی گہرائیوں سے غمگین آواز مچلتی ہے: دوست دوست نہ رہا، پیار پیار نہ رہا۔۔۔
میں نے 'جوان' والے کنگ خان کو مشورہ بھی دیا تھا کہ یار بھائی، ووٹنگ والے مشورے کے درمیان یہ چپس پیکٹ آئٹم بھی شامل کر لو کہ ۔۔۔ سیاستدانوں کے وعدوں سے بھرا پیکٹ جب الیکشن نتائج کے بعد پھٹتا ہے تو اندر سے بس دو چار ہی مڑے تڑے سوکھے آلو کے ٹکڑے نکلتے ہیں اور عوام کے لبوں سے آہ : ؎
جانے کہاں ترا وعدہ گیا رے
ابھی ابھی یہیں تھا کدھر گیا رے؟!


کچھ دن پہلے کا ذکر ہے گھر میں بچہ پارٹی کے ہنگاموں کا مشاہدہ کر رہا تھا۔ ایک نے کہا: تم میرے کو اپنے ٹماٹو ٹانگو کے تین چپس دو پھر تم بھی میرے لیمن چپس سے تین لے لینا۔
سامنے والے نے متفق ہو کر اپنا ٹماٹو چپس پیکٹ آگے تو کیا مگر مضبوطی سے ایک کونا تھامے بھی رکھا۔ لیمن والے نے انگلیوں سے ڈھونڈ کر تین بڑے ٹکڑے نکال لیے، کھانے اور منہ پونچھنے کے بعد اپنے نیکر کی جیب سے لیمن چیپس پیکٹ نکالا، مگر میں تیز نظروں سے پہلے ہی بھانپ چکا تھا کہ اُس ڈیڑھ شانہ بنگلوری نے جیب کے اندر ہی اندر پیکٹ کو انگلیوں سے مچل مچل کر شاکا کا ڈائیلاگ یاد دلا دیا تھا:
"ایک ایک کو چُن چُن کے ماروں گا، چُن چُن کے۔۔۔"
اب ہمارا معصوم سا حیدرآبادی انگلیوں سے چپس کا کوئی بڑا ٹکڑا ڈھونڈ رہا تھا، مگر ہوتا تو ملتا بھی، سارے چپس چرمرے ہو کر مُرمُرے بن چکے تھے۔ اِدھر بنگلوری تیز نظروں سے گھور رہا تھا: تین اِچ ٹکڑے لینا دیکھو، پہلے اِچ بات ہو گئی تھی اپن کی!!


تنبیہ بلیغ:
یہ ایک حقیقی واقعہ ہے مگر اس کا تعلق سیاسی جماعتوں کی نشستوں کی تقسیم سے جوڑنے والے کا ادارہ سے کوئی تعلق نہیں!!

Air inside potato chips packet. Light-Essay by Mukarram Niyaz

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں