کولہاپوری چپل اور امیتابھ بچن کی طرف سے فلم سہاگ میں تشہیر - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2023/01/21

کولہاپوری چپل اور امیتابھ بچن کی طرف سے فلم سہاگ میں تشہیر

suhaag-1979-poster

© مکرم نیاز (حیدرآباد)۔
21/جنوری/2023ء
*****


یہ کیا ہے؟
چپل!
کون سی؟
کولہاپوری!
یہ ہے کولہاپوری چپل، نمبر 9، دیکھنے میں نو، پھٹکے میں سو۔۔۔


امیتابھ بچن اور ششی کپور کی مشہور فلم "سہاگ" (ریلیز: اکتوبر 1979) کے ایک منظر میں ہیرو امیتابھ بچن کی طرف سے ادا کیے جانے والا ایک مقبول عام ڈائیلاگ، جو پوری فلم میں متعدد بار دہرایا گیا تھا۔
بیسویں صدی کی آٹھویں دہائی میں اس ڈائیلاگ نے تقریباً ہزار سالہ قدیم "کولہاپوری چپل" کو دنیا بھر میں مشہور کر ڈالا تھا۔ آج بھی اس برانڈ والی چپل کی مضبوطی اور پائیداری کا کوئی جواب نہیں ہے۔
دوسری طرف آج بھی چند مخصوص علاقوں میں کولہاپوری چپل کا حوالہ بطور طنز و طعن استعمال ہوتا ہے، مثلاً سیاسی گلیاروں میں کچھ یوں کہ:
آپ نے مہاراشٹر میں سب کچھ دیکھا ہوگا مگر شاید کولہاپوری چپل نہیں دیکھی!


اس دور میں تو ہر طبقہ ہر ذات ہر مزاج کے فرد کے زیراستعمال رہی یہ چپل۔۔۔ چاہے شیروانی پر پہننا ہو یا دھوتی کرتا، یا شلوار ساڑی یا جینس پینٹ۔۔۔
کولہاپوری چپل کی یہ مقبولیت آج بھی کسی حد تک قائم ہے۔ ابھی کوئی چار برس قبل، جون 2019ء میں اس چپل کو جی۔آئی ٹیگ (جیوگرافیکل انڈیکیشن) بھی ملا ہے، جس کے مطابق اب یہ چپل صرف چند ہی علاقوں میں تیار کیے جانے کی قانونی طور پر اجازت ہوگی جن میں مہاراشٹر کے کولہاپور، شولاپور، سانگلی اور ستارا کے ساتھ کرناٹک کے چار اضلاع بھی شامل ہیں (گوکہ کرناٹک کے اضلاع کو شامل کرنے پر احتجاج بھی ہوا ہے)۔ کرناٹک کے یہ چار اضلاع ہیں:
بلگام، دھارواڑ، بگل کوٹ اور بیجاپور۔


جہاں تک فلم کی بات ہے، یہ من موہن دیسائی کی روایتی مسالہ فلم تھی۔ یعنی دو ہیرو، دو ہیروئین، ایک ماں، چند ویلن، تھوڑا ڈرامہ، کچھ مار دھاڑ ۔۔۔ اور پھر آخر میں سب کا ہنسی خوشی ملن۔ اس فلم کے کچھ حصے دیسائی ہی کی سابقہ فلموں جیسے پرورش اور امر اکبر انتھونی سے مستعار تھے۔ بچپن میں بھائیوں کا بچھڑنا اور بڑے ہوکر ملنا (امر اکبر انتھونی)، ایک بھائی کا حادثے میں اندھا ہونا (پرورش) وغیرہ۔ اس دور میں ویسے بھی امیتابھ اور ششی کپور کی جوڑی نے خوب داد سمیٹی تھی: دیوار، ترشول، کالا پتھر، کبھی کبھی، شان، نمک حلال وغیرہ۔ اس فلم میں دونوں پر فلمایا گیا نغمہ (محمد رفیع اور شیلندر سنگھ) بھی خاصا مشہور ہوا:
اے یار سن یاری تیری مجھے زندگی سے بھی پیاری ہے
جواب اک نہیں ہمارا کہیں بڑی خوب جوڑی ہماری ہے
فلم کا دوسرا مقبول نغمہ "تیری رب نے بنا دی جوڑی" لندن کے مشہور ہائیڈ پارک میں مقامی پنجابی ڈانس گروپ کے ہمراہ، آشا بھونسلے، محمد رفیع اور شیلندر سنگھ کی آواز میں فلمایا گیا تھا۔

Kolhapuri chappal and its reference in Suhaag 1979 movie.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں