نظام ہشتم نواب میر برکت علی خان مکرم جاہ بہادر کی آج حیدرآباد میں تدفین - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2023/01/18

نظام ہشتم نواب میر برکت علی خان مکرم جاہ بہادر کی آج حیدرآباد میں تدفین

mukarram-jah-demise

© مکرم نیاز (حیدرآباد)۔
18/جنوری/2023ء
*****


کل من علیھا فان
آج پرانے شہر حیدرآباد کے کاروباری علاقوں میں بلالحاظ مسلک، مذہب و ملت، بیشتر دکانیں بند دیکھی گئیں۔ لاکھوں حیدرآبادیوں (راقم سمیت) کے دل مغموم ہیں مگر ہمارا عقیدہ تو یہی ہے کہ:
كُلُّ نَفْسٍ ذَآىٕقَةُ الْمَوْتِ


آج بعد عصر تاریخی مکہ مسجد میں نظام ہشتم شہزادہ کرنل نواب میر برکت علی خان مکرم جاہ بہادر کی نماز جنازہ خطیب مکہ مسجد مولانا ڈاکٹر حافظ رضوان قریشی پڑھائیں گے۔ بعد ازاں مکمل سرکاری اعزازات کے ساتھ مکہ مسجد کے احاطہ میں ان کی تدفین عمل میں آئے گی۔ واضح رہے کہ مکہ مسجد کے احاطہ میں آصف جاہی سلاطین کے مقابر موجود ہیں اور مکرم جاہ کی خواہش کے مطابق ان کے والد نواب میر حمایت علی خان اعظم جاہ بہادر کے پہلو میں انہیں سپرد لحد کیا جائے گا۔


ریاست تلنگانہ کے وزیر اعلیٰ عزت مآب چندر شیکھر راؤ نے پیر کو چومحلہ پیلس پہنچ کر مکرم جاہ بہادر کا آخری دیدار کیا اور اور افراد خاندان سے ملاقات کرتے ہوئے اپنے غم کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی بھی وزیراعلیٰ کے ہمراہ تھے۔
آج 18/جنوری 2023ء کی صبح 8 بجے سے دوپہر ایک بجے تک مکرم جاہ بہادر کی میت عوام کے آخری دیدار کے لیے چومحلہ پیلس کے دربار ہال میں رکھی گئی ہے۔ چومحلہ پیلس اور دربار ہال میں عوام کے داخلے اور نکاسی کی خاطر حیدرآباد ٹریفک پولیس اور حکومت تلنگانہ کی جانب سے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔


سابق شاہی ریاست دکن کے آخری فرمان روا نواب میر عثمان علی خان کے پوتے آصف جاہ ثامن نواب میر برکت علی خان مکرم جاہ بہادر کا انتقال استنبول (ترکی) میں ہفتہ 14/جنوری 2023ء کی رات ہوا تھا۔ مرحوم مکرم جاہ، ترکی کی خلافتِ عثمانیہ کے آخری خلیفہ سلطان عبدالمجید ثانی کے نواسہ ہوتے ہیں۔ سلطان عبدالمجید ثانی کی دختر شہزادی درشہوار دردانہ بیگم صاحبہ، آصف سابع میر عثمان علی خان کے فرزند پرنس آف برار نواب اعظم جاہ بہادر سے 1931ء میں بیاہی گئی تھیں۔ فروری 2006ء میں شہزادی کے انتقال پر سرے (انگلینڈ) کے قبرستان میں ان کی تدفین عمل میں آئی تھی۔ جبکہ اعظم جاہ کی تدفین اکتوبر 1970ء میں مکہ مسجد کے احاطے میں موجود آصف جاہی مقبرہ میں عمل میں آئی۔ مکرم جاہ بہادر کے چھوٹے بھائی نواب صاحبزادہ میر کرامت علی خان مفخم جاہ بہادر (پیدائش: فروری 1939ء) بقید حیات ہیں اور انہی کے نام سے حیدرآباد کا مشہور و مقبول "مفخم جاہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالجی" قائم ہے۔

The 8th Nizam of Hyderabad Mukarram Jah Bahadur's demise, He will be laid to rest at the ancestral graves of Asaf Jahis in the historic Mecca Masjid near Charminar.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں