جمعہ کی نماز : تاخیر کی روایت - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2022/12/30

جمعہ کی نماز : تاخیر کی روایت

Late Friday prayer

© مکرم نیاز (حیدرآباد)۔
30/دسمبر/2022
*****


میں نے بائک کو کک لگائی اور چند گھنٹے کے سفر بعد کراچی پہنچ گیا۔ بیگم کے لیے کچھ ملبوسات کی شاپنگ کی، پھر ایک دوست کی ارجنٹ کال پر رائے ونڈ اجتماع میں ورود مسعود ہوا۔۔۔
علمائے۔۔۔ کی گھنٹہ بھر کی اصلاح ملت تقاریر کو ہضم کرنے ہم چند دوست لاہور میں لاہوری کھابے پر نازل ہوئے اور شکم سیری کی۔ رات کافی بیت چکی تھی، لہذا واپسی کے لیے بائک کو بھگانا شروع کیا۔ بارڈر پر سیکورٹی اہلکاروں نے بہت کہا بھی کہ: سرکار، رک جائیے، کافی رات ہو گئی ہے، فجر بعد نکلیں۔۔۔ مگر بیگم کا خوف طاری تھا۔۔۔
وضاحت کرنا شروع کی تھی کہ اچانک بارش شروع ہو گئی۔ بیگم پانی کے چھینٹے چہرے پر مارتے ہوئے دبنگ لہجے میں فرما رہی تھیں:
اٹھو جی، بارہ بج گئے، آج جمعہ ہے، پانی نہانا نہیں ہے کیا؟


***
کچھ دن پہلے نفسیات داں، سماجی اصلاح کار اور قلمکار ڈاکٹر جویریہ سعید نے اپنی ٹائم لائن پر لکھا تھا:
"کوئی مزے دار سی اوٹ پٹانگ بات بتائیں جس کا سوچ کے یا کرکے آپ کو لطف آتا ہو۔"
بےشمار دلچسپ کمنٹس کے بیچ ایک صاحب مکرم نیاز کا بھی درج بالا کمنٹ تھا۔ مگر راوی کہتا ہے کہ:
اس کے آگے کی داستاں اب مجھ سے سن!


پھر حضرت والا جاہ نے بستر پر لوٹتے اینڈتے آنکھ میچ کر وال کلاک پر نظر دوڑائی، چھوٹا کانٹا دو کے ہندسے پر پہنچنے ہی والا تھا، بوکھلا کر ایک جھٹکے سے اٹھے اور توال تھامے حمام خانے کی سمت دوڑ لگائی۔ جمعہ کی ازدواجی روایت کے عین مطابق، تقریباً آدھ گھنٹے بعد حمام سے برآمد ہوئے۔۔۔ بال پونچھتے پونچھتے ڈائننگ میز پر موجود روٹی مولی کے چھوٹے بڑے لقمے جلدی جلدی توڑے اور بائک کی چابی اٹھا کر ہانپتے کانپتے بائک سمیت گلی میں نکل آئے۔ پھر دوربین نما چشمہ چڑھائے مساجد کے سائن بورڈ کو گھورتے، پرانے شہر کی گلی در گلی ٹامک ٹوئیاں مارنے لگے، زیرلب گنگنا رہے تھے:
کبھی تو ملے گی، کہیں تو ملے گی۔۔۔
آخرکار مولا کریم کی رحمت جوش میں آئی اور حضرت والا کو ایک تنگ گلی میں مطلوبہ بورڈ نظر آ ہی گیا، جس پر بڑے بڑے حرفوں میں لکھا تھا:
نمازِ جمعہ : ساڑھے تین بجے !!

Late Friday prayer

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں