پرکاش راج
تلگو، تمل، کنڑا، ملیالم اور ہندی فلموں کا ایک مشہور و مقبول عام نام ہے۔ انہوں نے فلموں میں زیادہ تر کیرکٹر رول نبھائے ہیں جن میں منفی کرداروں کی اکثریت رہی۔ ہر چند کہ حال کی تمل/تلگو/ہندی فلم "جئے بھیم" میں انہوں نے آئی۔جی پولیس کا مثبت کردار ادا کرتے ہوئے فلم بینوں کی بھرپور تحسین و ستائش بھی سمیٹی ہے۔
مصدقہ سیاسی و سماجی ذرائع کے بموجب وزیر اعلیٰ تلنگانہ کے۔سی۔آر اور جنوبی ہند کے معروف فلمی اداکار پرکاش راج کی دوستی کا رشتہ بہت پرانا رہا ہے۔ کے۔سی۔آر کی پہلی مرتبہ بطور وزیراعلیٰ تلنگانہ حلف برداری کے وقت پرکاش راج بھی تلنگانہ حکومت کی رہائش گاہ "پرگتی بھون (حیدرآباد)" پر موجود تھے۔ یہی وجہ ہے کہ پڑوسی ریاست مہارشٹر کے وزیراعلیٰ اور دیگر اہم سیاسی قائدین سے وزیراعلیٰ تلنگانہ کی کل اتوار 20/فروری کی ملاقات کے دوران پرکاش راج بھی ایک "غیرسیاسی مہمان" کی حیثیت سے شامل رہے۔
واضح رہے کہ مشہور صحافی گوری لنکیش کے قتل کے بعد سے پرکاش راج، موجودہ وزیراعظم ہند اور بھاجپا قیادت کے خلاف سوشل میڈیا پر تنقیدی مہم میں سرگرم رہے ہیں۔ تلنگانہ کے معروف و مقبول نیوز پورٹل "سحر نیوز" کے مطابق:
"بالخصوص ٹوئٹر پر پرکاش راج JustAsking# کے ہیش ٹیگ کے ذریعہ فرقہ پرست طاقتوں اور ہندوتوا کے حامیوں کو چھیڑتے رہتے ہیں جس کی وجہ سے انہیں اکثر ٹرول بھی کیا جاتا ہے۔ ملک کے مختلف مقامات پر ہونے والی موب لنچنگ، لڑکیوں کی عصمت ریزی اور قتل کے خلاف پرکاش راج، ٹوئٹر، فیس بک اور انسٹا گرام پر ہمیشہ سوال اٹھاتے رہتے ہیں۔ شاہین باغ میں ہوئے این۔آر۔سی مخالف احتجاج کی تائید، دہلی فسادات کی مذمت اور دیگر متعصبانہ واقعات کی مذمت میں وہ ہمیشہ آگے رہے ہیں۔"
اخباری ذرائع کے بموجب ۔۔۔ وزیراعلیٰ کے۔سی۔آر نے بی۔جے۔پی مکت بھارت کی خاطر وفاقی محاذ (فیڈرل فرنٹ) کی تشکیل کا جو منصوبہ بنایا ہے، اس میں پرکاش راج کو بھی شامل رکھنا چاہتے ہیں۔ کیونکہ یہ بات عام ہے کہ کرناٹک اور تمل ناڈو کے سیاسی قائدین سے پرکاش راج کے بہتر تعلقات قائم ہیں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں