بائک کا سفر ، ہیڈفون اور کشور کمار ایم۔پی۔تھری - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2021/12/09

بائک کا سفر ، ہیڈفون اور کشور کمار ایم۔پی۔تھری

kishore-kumar-mp3

© مکرم نیاز (حیدرآباد)۔
9/دسمبر/2021
*****


ہمارے حبیب لبیب #مرزا نے مجھ ناچیز کے بار بار کے شکوؤں سے بیزار ہو کر ہیڈ فون کا یہ تحفہ بھیجا اور بولے:
اور سن پاشا! صرف ایک کان میں لگانا، اور دوسرا کان ہشیار رکھنا ورنہ پیچھے سے کوئی چ*** آٹو والا ہارن بجاتے بجاتے تیری گاڑی بجا کر نکل جائے تو پھر بعد میں مجھے گالیاں نہ دینا!


واقعہ صرف اتنا تھا کہ روزانہ کی ٹریفک مہاماری، سڑک کے اوبڑ کھابڑ گڑھے اور نوجوانوں کی ٹریفک قواعد سے عاری نوابی کرتب بازیوں سے معمور گھنٹہ بھر کے سفرِ دفتر نے فشارِ خون میں غیرضروری اضافہ کر رکھا تھا۔
اس پر مرزا کا مشورہ تھا کہ ایک کان کو اپنی پسند کی ایم۔پی۔تھری پلے لسٹ سے مصروف رکھ لیا جائے تو دماغ تھوڑا بٹ جائے گا۔
مرزا کا مشورہ معقول تھا مگر آج جب اس پر عمل کیا تو دماغ دفتر سے گھر پہنچنے تک واقعتاً نہایت پرسکون رہا۔ اب یہ تو گھر پہنچ کر کمر کے درد نے بتایا کہ پسندیدہ نغموں کی سرشاری کی کیفیت میں ہم سڑک کے وہ تمام گڑھے فراموش کر گئے جو ہمیشہ یادداشت میں تازہ رہتے اور بچ کر نکلنے کی راہ دماغ کو خودکار طور بتاتے رہتے ہیں۔


ویسے تو ایم۔پی۔تھری کی مختلف اقسام کی فہرستیں موبائل میں محفوظ ہیں: رفیع جنرل، رفیع جنگلی کپور، دیوآنند ہٹس، آوارہ راج کپور، دلیپ شاہکار، مکیش آہ، جوبلی کمار، کشور کاکا، 90 والا رومان وغیرہ۔ مگر ہمارے لیے موسٹ فیوریٹ "کشور برائے کاکا" ہی رہے ہیں۔۔۔ اور آج انہی کی دس والی فہرست دفتر سے شام چھ بجے جو شروع ہوئی تو سات بجے گھر پر ختم ہوئی۔


فہرست ذیل میں ملاحظہ فرمائیں۔۔۔ مگر ہر گانے کے وہی مصرعے جو اس غریب کو زیادہ متاثر کرتے ہیں۔۔۔ یعنی پنچ لائن۔
اگر آپ گانے کا پہلا بول فوراً بتا سکیں تو آپ مہان ہیں، بدھیمان ہیں، شکتی مان ہیں۔۔۔۔ اور۔۔۔ اور۔۔۔۔


1: دولت اور جوانی اک دن کھو جاتی ہے
عمر بھر دوست لیکن ساتھ چلتے ہیں


2: کہتا غزل تری اداؤں پر، میں نے یہ کہا تو
مجھ سے خفا وہ، جانِ حیات ہو گئی


3: سنا غم جدائی کا اٹھاتے ہیں لوگ
جانے زندگی کیسے بتاتے ہیں لوگ


4: کوئی ڈھونڈنے بھی آئے تو ہمیں نہ ڈھونڈ پائے
تو مجھے کہیں چھپا دے، میں تجھے کہیں چھپا دوں


5: میں روز لب پہ نئی ایک آہ رکھتا ہوں
میں روز اک نئے غم کی راہ تکتا ہوں


6: یوں تو اکیلا بھی اکثر گر کے سنبھل سکتا ہوں میں
تم جو پکڑ لو ہاتھ میرا، دنیا بدل سکتا ہوں میں


7: میرا خیال ہے ابھی جھکی ہوئی نگاہ میں
کھلی ہوئی ہنسی بھی ہے دبی ہوئی سی چاہ میں


8: موت آنی ہے آئے گی اک دن
جان جانی ہے جائے گی اک دن


9: زندگی کو بہت پیار ہم نے دیا
موت سے بھی محبت نبھائیں گے ہم


10: دوستو شک دوستی کا دشمن ہے
اپنے دل میں اسے گھر بنانے نہ دو


Bike riding, headphone and kishore kumar mp3.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں