پی-ڈی-ایف کتب کی شئر فارورڈنگ - مفت کا حلوہ - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2021/06/04

پی-ڈی-ایف کتب کی شئر فارورڈنگ - مفت کا حلوہ

pdf-halwa

© مکرم نیاز (حیدرآباد)۔
4/جون/2021


آج اتنا عرض کرنا ہے کہ ۔۔۔
یہ بندۂ ناچیز ، حقیر فقیر پرتقصیر ، ہیچمدان، بندۂ نادان اردو کتب و رسائل کی پی۔ڈی۔ایف فائل بناتا ہے اور انہیں مشہور اپلوڈنگ ویب سائٹ 'آرکائیو ڈاٹ آرگ' کے اپنے اکاؤنٹ پر اپلوڈ کر کے اس کا ڈاؤن لوڈ لنک، کتاب/رسالہ کی تفصیل/تعارف/سرورق تصویر کے ساتھ اپنی ویب سائٹ #تعمیرنیوز پر پیش کرتا ہے۔


اب معاملہ کچھ یوں بنتا ہے کہ بہت سے لوگ واٹس-اپ/ٹیلی-گرام کے ذریعہ براہ راست پی۔ڈی۔ایف کے طلبگار ہوتے ہیں۔ جب آرکائیو پر اپلوڈ کی جا سکتی ہیں تو طلبگار کو براہ راست فائل فراہم کرنے میں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ مگر کیا کیجیے کہ ۔۔۔ ماضی کے تلخ تجربات مانع ہیں۔


عموماً ہوتا یوں ہے کہ۔۔۔ پھر یہ پی۔ڈی۔ایف سوشل سائٹس کے کسی گروپ میں صبح پوسٹ ہوتی ہے اور شام تک، زبان و ادب سے دور کسی سوشل میڈیا ساتھی کے ذریعے واٹس-ایپ/ٹیلی-گرام پر خود ارسال کنندہ کو موصول ہوتی ہے، اس پیغام کے ساتھ:
"لو یار، تم بھی کیا یاد کرو گے، ہم اپنے ادب دوستوں کے لیے بھی محنت کرتے اور کتابیں بھیجتے ہیں ان کو"۔
اور بچارہ پی۔ڈی۔ایف بنانے والا مسکین لہجے میں اس کے سوا اور کیا عرض کر سکتا کہ:
حضور، شکریہ مہربانی عنایت کرم نوازش جزاک اللہ خیر!


کتب کے حقیقی طلبگار/قاری کی تعداد قلیل ہے، وہ اس شکوہ سے مستثنیٰ ہیں، اصل مخاطب تو وہ "غازیانِ اردو" ہیں جو شئر/فارورڈ والی ایک کلک کے ذریعے کروڑوں نیکیوں کا ثواب بٹورنے کے آرزومند ہوتے ہیں۔
ان تمام "مجاہدینِ اردو" سے ہاتھ جوڑ کر ملتجیانہ و مودبانہ عرض ہے کہ۔۔۔
عالم پناہ! عالی جاہ! عالی جناب! ویب سائٹ وزٹ کیجیے، محنت مشقت کرنے والے بچارے اردو داں کی قدر کیجیے۔ یہ عاجز و مسکین کسی صلہ و ستائش کے بھی متمنی نہیں۔ یقین کیجیے کسی ایک فرد کی وزٹ سے ویب سائٹ مالک کو کوئی سو دو سو ڈالر ماہانہ کا نہ تو فائدہ ہو رہا اور نہ اشتہارات کی آمدنی سے اس کے ماہانہ گھریلو اخراجات نکل رہے ہیں۔


آج انڈیا میں اردو زبان و ادب کی دگرگوں حالت کے باوجود سینکڑوں محبان اردو، انفرادی/اجتماعی سطح پر اپنی اپنی ویب سائٹ یا بلاگ چلا رہے ہیں، مختلف موضوعات کے سہارے مثلاً: سیاسی و سماجی خبریں/تجزیے، علمی و ادبی مضامین، صحت و طب، کھیل و کھلاڑی، مذہب و روحانیت، فلم و تفریح، کتب و رسائل وغیرہ وغیرہ۔
ان کی مالی یا قلمی اعانت آپ اگر نہیں کر سکتے تو کم از کم اخلاقی سطح پر ان کی حوصلہ افزائی کیجیے، ان کے متن/مواد کو شئر کر رہے ہیں ہوں تو اصل ویب سائٹ کا حوالہ دیجیے۔ جہاں روز اقوال و اشعار کے چمکتے دمکتے پوسٹرس شئر/فارورڈ کرتے ہیں وہیں ان ویب سائٹس کا کوئی اقتباس لنک کے ساتھ شئر کیجیے۔


آخری بات:
مہینہ بھر روزانہ آٹھ دس گھنٹے موبائل کی اسکرین پر انگلیاں رقص کرتے ہوئے بےشک نہیں تھکیں گی، لیکن۔۔۔ مفت میں کوئی بہترین اور اعلیٰ معیار کی ویب سائٹ بنا کر اگر آپ کے حوالے کر دی جائے تو یقین کیجیے آپ اسے پورے مہینے میں کوئی آٹھ گھنٹے بھی ہینڈل نہ کر سکیں گے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں