دنیا کی ہر زندہ زبان میں بچوں کے ادب پر خصوصی توجہ دی جاتی ہے، رسالے اور جرائد بھی شائع ہوتے ہیں جو بچوں کی ذہنی نشونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
اردو شاعری اور نثر میں بھی ابتدا ہی سے ایسی کاوشیں کی گئی ہیں۔ لاتعداد ادیب و شعرا نے بچوں کے لیے لکھا ہے۔ شاعری میں اگر علامہ اقبال، اسماعیل میرٹھی، شفیع الدین نیر، شوکت پردیسی وغیرہ کے نام سامنے آتے ہیں تو نثر میں پریم چند، کرشن چندر، عصمت چغتائی، قرۃ العین حیدر، رام لعل، سراج انور، واجدہ تبسم وغیرہ نے بچوں کے لیے بہت کہانیاں اور کتب لکھی ہیں۔
یوسف ناظم (پ: 7/نومبر 1921 ، م: 23/جولائی 2009) اس عہد کے مشہور مزاح نگار رہے ہیں۔ بچوں کے لیے دلچسپ اور مزاحیہ کہانیوں اور مضامین کی دو کتابیں انہوں نے لکھی ہیں:
پلک نہ مارو (10 کہانیاں) - سن اشاعت: 1984
مرغی کی چار ٹانگیں (7 کہانیاں) - سن اشاعت: 1984
یوسف ناظم کی یہ دوسری کتاب "مرغی کی چار ٹانگیں" پی۔ڈی۔ایف فائل شکل میں پیش خدمت ہے۔
اس کتاب میں شامل سات دلچسپ کہانیوں کے عنوان یہ ہیں:
کرکٹ کا شوق، نئے شیخ چلی، کہانی ہیرے جواہرات کی، ہم مہمان بنے، پانی، گھر کی مرغی، مٹاپا بھی اچھی چیز ہے۔
آج کے دور میں جب دنیا سے محبت، مروت اور انسان دوستی جیسے جذبات ختم ہوتے جا رہے ہیں، لوگ پریشان ہیں اور سب بھول گئے تو دنیا کو یوسف ناظم جیسے لوگوں کے فن کی ضرورت ہے جو دنیا کو ہنسانا سکھا سکیں تاکہ لوگ خوشدلی سے زندگی جینے کے فن سے آشنا ہوں۔
اس کتاب کے ایک مضمون "گھر کی مرغی" کا ایک دلچسپ اقتباس ۔۔۔مرغی ہمیں بہت پسند ہوگی، تمہیں بھی پسند ہوگی۔ لیکن ہمیں ذرا زیادہ پسند ہے، چاہے وہ زندہ ہو یا بےجان۔ بےجان سے مطلب یہ کہ دسترخوان پر ہو۔ مرغی کی بہار تو دسترخوان پر دیکھنی چاہیے، پک پکا کر بھی مرغی ہی دکھائی دیتی ہے۔ اس میں بس ایک ہی خرابی ہوتی ہے۔ وہ یہ کہ اس کی صرف دو ٹانگیں ہوتی ہیں۔ اگر قدرت اسے دو کی جگہ چار ٹانگیں دے دیتی تو دنیا کا کوئی کام تو نہیں رک جاتا، نہ قدرت کے خزانے میں کوئی کمی واقع ہو سکتی تھی۔ دو ٹانگوں کی بات ہی کیا تھی۔ دسترخوان پر تو مزہ آتا ہی، لیکن خود مرغی بھی ان ٹانگوں سے کچھ نہ کچھ فائدہ حاصل کرتی ہی۔ مرغی کے لیے چار ٹانگوں کی سفارش ہم اس لیے بھی کر رہے ہیں کہ بےچاری کتنا کام کرتی ہے۔ جب دیکھو مصروف۔ جب دیکھو کسی نہ کسی کام میں جٹی ہوئی ہے۔ دن رات گھریلو کام کرتی رہتی ہے۔ روزانہ مقررہ وقت پر انڈا دیتی ہے۔
کتاب "مرغی کی چار ٹانگیں، از: یوسف ناظم" پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں یہاں سے ڈاؤن لوڈ کیجیے۔
تعداد صفحات: 48
pdf فائل سائز: 2MB
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
مرغی کی چار ٹانگیں ، مزاحیہ ادب اطفال از: یوسف ناظم
Murghi Ki 4 Taangein - Yusuf Nazim
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں