جی ہاں پِٹے ہیں - شوکت تھانوی کے مزاحیہ افسانے - pdf download - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2020/07/29

جی ہاں پِٹے ہیں - شوکت تھانوی کے مزاحیہ افسانے - pdf download

Ji-Han-pite-hain_Shaukat-Thanvi

اردو ادب میں طنز و مزاح کی روایت زمانۂ قدیم سے موجود ہے۔ شاعری میں جعفر زٹلی اور نثر میں مرزا غالب کے خطوط طنز و مزاح کی ابتدائی اشکال ہیں۔
طنز و مزاح کوئی علیحدہ صنف سخن نہیں بلکہ ایک طرز یا اسٹائل ہے جس کے ارتقا کی تاریخ مختلف اصناف ادب کے ارتقا کی تاریخ میں مضمر ہے۔ داستان، ناول، انشائیہ، خاکہ، مضمون، افسانہ وغیرہ میں طنز و مزاح کے نقوش بکثرت ملتے ہیں۔

اردو میں دو قسم کے مزاحیہ افسانہ نگار ہیں۔
اول: وہ جنہوں نے باقاعدہ مزاحیہ افسانہ نگاری کی اور اپنی تخلیقات اسی عنوان کے تحت اخبار و رسائل میں شائع کرائیں نیز مزاحیہ افسانوں کے مجموعے بھی شائع کیے۔ ان جواں مردوں میں چودھری محمد علی ردولوی، ظریف دہلوی، سید رفیق حسین، عظیم بیگ چغتائی، شوکت تھانوی، کرشن چندر، وجاہت علی سندیلوی، شفیق الرحمن، محمد خالد اختر، مسعود مفتی، جمال درانی وغیرہ شامل ہیں۔
دوم: ایسے تخلیق کاروں کی قسم ہے جنہوں نے اپنے مزاحیہ افسانے، مضامین کے مجموعوں میں ضم کر دئیے اور اس طرح ان کی شناخت دشوار ہو گئی۔

شوکت تھانوی (پ: 2/فروری 1904 ، م: 4/مئی 1963)
اردو کے نامور مزاح نگار، شاعر اور صحافی رہے ہیں۔ وہ اپنے زمانے کے سب سے زیادہ بکنے والے ادیب مانے جاتے تھے اس لیے ان کے مضامین اور افسانوی مجموعوں کو مختلف ناشر ایک ہی وقت میں مختلف ناموں سے چھاپتے رہے لہذا ان کے کئی افسانے مختلف مجموعوں میں بار بار شائع ہوتے رہے۔ شوکت تھانوی نے بہت کم وقت میں بہت زیادہ مزاحیہ افسانے لکھے۔ اپنی بسیار نویسی کے باعث وہ اپنے مزاح کے معیار کو ہر افسانے میں برقرار نہیں رکھ سکے لیکن انہوں نے اپنے افسانوں میں مزاح کے رنگ پیدا کرنے کے لیے مزاح کے تقریباً ہر حربے کو استعمال کیا۔ ان کی مزاح نگاری کے پس پردہ کوئی اصلاحی مقصد یا اخلاقی فلسفہ عام طور پر نظر نہیں آتا بلکہ وہ معمولی سے موضوع میں الفاظ کے ذریعے مزاح پیدا کر کے قارئین کو ہنسانے کی کوشش کرتے ہیں۔

شوکت تھانوی کے 17 مزاحیہ افسانوں کا مجموعہ بعنوان "جی ہاں، پِٹے ہیں" پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش خدمت ہے۔ اس مجموعہ کے اولین سنہ اشاعت کا علم نہیں، البتہ دہلی کے ناشر "ہمانشو پبلی کیشنز" نے 1998 میں اسے ری-پرنٹ کیا تھا۔
224 صفحات کے اس مجموعے میں درج ذیل افسانے شامل ہیں:
شوہرِ نامدار، رخصتِ علالت، سانپ مار خاں، چھلانگ، شادی کا اشتہار، نواب منجھو صاحب، کانا پردہ، کیا میں شاعر ہوں، جی ہاں پِٹے ہیں، آسیب، ایک ملازم کی ضرورت ہے، بیری اور ڈھیلے، دوزخ، حضور، آئینہ، چور دروازہ، غلطی میری ہی تھی (ایک پرلطف مباحثہ)۔

کتاب "جی ہاں پِٹے ہیں - مزاحیہ افسانے از: شوکت تھانوی" پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں یہاں سے ڈاؤن لوڈ کیجیے۔
تعداد صفحات: 224
pdf فائل سائز: 9MB
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Ji han pite hain by Shaukat Thanvi.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں