انکاؤنٹر - افسانچہ از مکرم نیاز - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2019/12/06

انکاؤنٹر - افسانچہ از مکرم نیاز


انکاؤنٹر
افسانچہ از: مکرم نیاز (حیدرآباد)

"سربراہ اعلیٰ آپ سے بات کرنا چاہتے ہیں سر!"
"جی، موجود ہوں"
"جج صاحب! فاسٹ ٹریک کورٹ کے سہارے کیا 24 گھنٹے میں فیصلہ ممکن نہیں؟"
"سر، میں آپ کو پہلے بتا چکا ہوں کہ قانونی نظام کی پیچیدگیاں تو ہیں ہی، انصاف کا تقاضا بھی اس طرح پورا نہیں ہو سکتا۔"
"عوامی برہمی اور حکومت پر نااہلی کے الزامات آپ کی نظر میں کچھ نہیں؟"
"ایکسکیوز می سر، کیا آپ ہجومی تشدد اور عدالتی فیصلے کو ایک ہی نظر سے دیکھتے ہیں؟"
"مگر جج صاحب! آپ کوئی غلط کام تو نہیں کر رہے۔۔۔ سزا دے رہے ہیں۔۔۔ ہاں تھوڑا جلد، تو وہ الگ بات ہے!"
"کیا یہ صرف سزا ہے یا بزدلی اور دوہرا معیار بھی؟ یہی فوری سزا اس وزیر کے بھتیجے کے لیے بھی کیوں نہیں جو ریپ ہی کے الزام میں اس وقت جیل میں ہے؟ آپ کی ہمنوا سیاسی جماعت کے ان چند کارندوں کے لیے کیوں نہیں جو ایک عبادتگاہ کے اندھیرے احاطے میں زبردستی لڑکی کو شراب پلا کر اسی جرم کے مرتکب ہوئے، پکڑے گئے اور پھر ضمانت پر رہا بھی ۔۔۔ اس طرح کے اور بھی کئی کیسز کا اندرون چوبیس گھنٹے فیصلہ کیوں درکار نہیں ہے ۔۔۔؟"
۔۔۔۔۔ خاموشی!!
"آپ مجھے جانتے ہیں سر۔۔۔ میں اپنے ضمیر کے ساتھ اس سیٹ پر بیٹھا ہوں اور حکومت کے دباؤ پر میں نے اپنا استعفیٰ بھی تیار کر رکھا ہے۔۔۔۔"
۔۔۔۔۔ طویل خاموشی!!
"ہیلو ۔۔۔ سر، ہیلو ۔۔۔"
"سربراہ اعلیٰ لائن پر اب نہیں ہیں سر!"

۔۔۔۔۔ ٹرن ٹرن ٹرن ۔۔۔۔
"یس سر! آپ کے حکم کا انتظار ہے سر۔۔۔"
"پلان اے ناکام رہا۔ آپ کو پلان بی پر عمل کی اجازت ہے"
"شکریہ سر! آپ نے ہمارے محکمہ کو مسلسل بدنامی سے بچا لیا۔۔۔"
"یاد رہے ۔۔۔۔ مکمل احتیاط کے ساتھ ۔۔۔"
"آپ بےفکر رہیے سر، یہ ہمارے لا اینڈ آرڈر محکمے کی عظمت و وقار کا معاملہ ہے۔ اور ویسے بھی وہ لو-کٹیگری کے ہیں، انہیں پیچھے سے کسی کا سپورٹ نہیں۔"

کچھ ہی گھنٹوں بعد سوشل میڈیا پر ایک خبر وائرل ہو گئی:
اجتماعی زیادتی کے مرتکب پانچ ملزمان پولیس حراست سے فرار ہوتے ہوئے انکاؤنٹر میں مارے گئے!!

~~~
Encounter, an Urdu Microfiction, by: Mukarram Niyaz.

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں