اجنبی خدا - مجموعہ کلام از شمیم انور - pdf download - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2019/09/20

اجنبی خدا - مجموعہ کلام از شمیم انور - pdf download

Prof Shamim Anwar

پروفیسر شمیم انور سابق صدر شعبہ اردو کلکتہ یونیورسٹی (پیدائش: 1949، مٹیا برج کولکاتا۔ ولد حکیم عبدالشکور) آج بروز جمعہ 20/ستمبر صبح 9 بجے کولکاتا میں انتقال کر گئے۔
"جدید اردو غزل: منظر اور پس منظر" ان کی پی۔ایچ۔ڈی کا مقالہ تھا جو کتابی صورت میں بھی شائع ہوا۔ ان کے مجموعہ کلام "اجنبی خدا" (اشاعت: مئی-1974) نے اپنے دور میں جدیدیت کی خوب خوب نمایندگی کی تھی۔ شاعری میں حلیم ثمر آروی ان کے استاد تھے۔ پروفیسر شمیم انور کو مغربی بنگال اردو اکیڈمی کا عبدالرزاق ملیح آبادی ایوارڈ عطا کیا گیا تھا۔ وہ مغربی بنگال اردو اکاڈمی کی گورننگ باڈی کے رکن بھی تھے۔

پروفیسر شمیم انور کا مجموعہ کلام
"اجنبی خدا" (اشاعت: مئی-1974)
پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں ڈاؤن لوڈ کیجیے۔

ڈاکٹر عاصم شاہنواز شبلی کی فراہم کردہ اطلاع کے بموجب ۔۔۔ خورشید اختر فرازی کے بہنوئی ڈاکٹر شمیم انور (سابق صدر شعبہ اردو کلکتہ یونیورسٹی) کا 70 سال کی عمر میں آج صبح 9/بجے ووڈ لینڈ نرسنگ ہوم میں انتقال ہو گیا۔ تدفین بعد نماز عصر دو نمبر گوبرا قبرستان میں عمل میں آئے گی۔ پسماندگان میں بیوہ کے علاوہ ایک لڑکا اور ایک لڑکی ہے۔ ان کی اہلیہ ڈاکٹر یاسمین اختر کلکتہ گرلس کالج کے شعبہ اردو کی صدر رہی ہیں۔
پروفیسر شمیم انور نظموں کے علاوہ غزل کے بھی اچھے شاعر تھے اور کثیر تعداد میں غزلیں بھی لکھی ہیں۔ وہ مشہور صحافی ابراہیم ہوش کے بڑے داماد تھے۔ انہوں نے ابراہیم ہوش کی کلیات کو ایڈٹ کیا تھا مگر کتاب شائع نہ ہو سکی۔

مجموعہ کلام "اجنبی خدا" سے شمیم انور کی ایک غزل:

کوئی شے ڈوبے تو دریا میں لہر جاگے ہے
کب اذاں مرغ کے دینے سے سحر جاگے ہے
کنکری مارے سے پانی میں اثر جاگے ہے
اک ذرا خواہش پرواز سے پر جاگے ہے
ان کو منبر کی بلندی سے تشفی نہ ہوئی
جن کی آواز پہ تحریک کا سر جاگے ہے
نیند کی کائی سے بوجھل ہے ہر اک آنکھ مگر
سنگ کے خوف سے شیشے کا نگر جاگے ہے
لذت درد سمندر سے نہیں سیپ سے پوچھ
جس کی آغوش میں قطرے سے گہر جاگے ہے
رنگ و روغن کے بدلنے سے بھلا کیا حاصل
ننھی کلکاریاں جاگے ہے تو گھر جاگے ہے
پھر کھنگھلنے کو ہے کیا خطۂ نا دیدہ کوئی
پھر کف پا میں سر شوق سفر جاگے ہے
گھر کے پچھواڑے مہکتی ہوئی سرگوشی سے
کتنے بیتے ہوئے لمحوں کا کھنڈر جاگے ہے

کتاب "اجنبی خدا ، از: شمیم انور" پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں یہاں سے ڈاؤن لوڈ کیجیے۔
تعداد صفحات: 63
pdf فائل سائز: 1MB
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Ajnabi Khuda by Shamim Anwar.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں