عالمی تھنک ٹینک - اردو اکیڈمی انٹرنیشنل کا قیام - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2012/12/12

عالمی تھنک ٹینک - اردو اکیڈمی انٹرنیشنل کا قیام

Rohail Khan - Fonder UAI
عالمی تھنک ٹینک ، آسمانِ اردو کا نیا ستارہ ، اردو اکیڈمی انٹرنیشنل
مرکزی آفس جدہ سے کام کا باقاعدہ آغاز ، چند ہی دنوں میں 300 سے زائد افراد اور اردو تنظیموں نے رکن بن کر شمولیت حاصل کر لی
ممتاز بینکار ، مستشار مالی اور سماجی شخصیت روحیل خان نے ایک نئے ادارے "اردو اکیڈمی انٹرنیشنل" کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ بطور "عالمی تھنک ٹینک" یہ ترقی پسند ادارہ اردو زبان ، اردو ادب اور اردو ثقافت کی ترویج ، تحفظ اور ترقی کے لئے "پانچ براعظموں" میں فعال کردار ادا کرے گا۔ اردو اکیڈمی انٹرنیشنل اپنے مرکزی آفس جدہ (سعودی عرب) سے "جی سی سی" اور برصغیر کے ممالک میں اپنے کام کا باقاعدہ آغاز کر چکی ہے۔ اگلے سال کے وسط میں واشنگٹن ڈی۔سی ، امریکہ میں ریجنل دفتر کھولا جائے گا اور شمالی امریکہ ، کینیڈا اور یورپ کے ممالک میں اردو کی خدمت کا آغاز کیا جائے گا۔
اپنی تشکیل کے چند ہی دنوں میں دنیا بھر سے 300 سے زائد افراد اور اردو تنظیموں نے رکن بن کر اردو اکیڈمی انٹرنیشنل کے مقاصد میں شمولیت حاصل کر لی ہے۔ یہ واقعی ایک شاندار آغاز ہے۔ اردو اکیڈمی انٹرنیشنل مغرب میں اردو کو عملی طور سے مضبوط کرنے اور مشرق و مغرب کے کروڑوں اردو بولنے والوں کو متحد کرنے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔ جہاں جہاں اردو کی ترقی کے لئے نئے آغاز ، نئے آئیڈیاز ، نئے انجن ، نئے پراجکٹس کی ضرورت ہوگی ، وہاں وہاں یہ ادارہ "لبیک" کہے گا۔

اردو ، دنیا کی چوتھی بڑی زبان ہے اور اردو بولنے سمجھنے والوں کی تعداد 550 ملین یعنی 55 کروڑ سے زائد ہے۔ یہ ایک قابل فخر سچ بھی ہے اور ایک اجتماعی ذمہ داری بھی۔ ہمارا یقین محکم ہے کہ اردو کی خدمت دراصل اسلام کی خدمت ہے۔ یہ حقیقت ہے کہ عربی کے بعد اسلامیات ، تفسیر اور سنت طیبہ کے حوالے سے سب سے بڑا خزانہ اردو زبان میں ہے لہذا اردو کی ترقی و تحفظ کی ذمہ داری دنیا بھر کے مسلمانوں پر عائد ہوتی ہے۔ اسی صداقت کے پیش نظر اردو اکیڈمی انٹرنیشنل کا "MOTTO" یعنی بنیادی مقصد Serving Urdu, Serving Islam رکھا گیا ہے۔

تاریخ گواہ ہے کہ برصغیر کے مسلمانوں کی "نشاۃ ثانیہ" اور تحفظ و ترقئ اردو میں بابائے اردو مولوی عبدالحق نے انقلابی خدمات انجام دیں۔ اردو اکیڈمی انٹرنیشنل ، 21 ویں صدی میں بابائے اردو کے مقاصد و تحریک کو نئے انداز سے آگے بڑھائے گی اور عالمی اسٹیج پر اردو کو عام کرنے کے لئے نئے پراجیکٹس شروع کرے گی۔ "اتحاد میں برکت ہے" کے مصداق ، ہم متمنی ہیں کہ اردو کے خدمت گزار اور اردو کے ضرورت مند اداروں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کیا جائے اور سنجیدہ و منظم کوششوں کے ذریعے نئے پراجیکٹس کی تکمیل کی جائے۔ اردو زبان ادب اور ثقافت کی ترقی و تحفظ نیز آنے والی نسلوں کی خدمت کے لئے ہم نے "اردو اکیڈمی انٹرنیشنل" کے پرچم تلے 10 نئے پراجیکٹس کا اعلان کیا ہے جن کا تعارف یوں ہے :

1 :
اردو مجلہ "گلدستہ" : اپنی طرز کا نیا ترقی پسند مجلہ جس میں نئی اور پرانی نسل کے نثرنگار ، افسانہ نگار اور شعراء کے شہ پاروں کو عالمی اسٹیج اور مقامی ترجمانی دی جائے گی۔
2 :
اردو ڈکشنری : ایک منفرد لغت ، جس کے ذریعے ثقیل اردو الفاظ اور محاروں کو عام فہم بنایا جائے گا۔
3 :
عالمی اردو انسائیکلوپیڈیا : دور حاضر کے تمام علوم کو اردو کے کوزے میں بند کرنے اور عام فہم بنانے کی نئی کاوش ، ایک ایسی "زنبیل" جس سے اردو بولنے ۔ لکھنے اور پڑھنے والی نئی نسل لیس ہوگی۔
4 :
کمپیوٹر ڈکشنری : انگریزی سے نابلد بچوں اور اردو بولنے والوں کو کمپیوٹر اور انٹرنیٹ کی دنیا سے اردو میں روشناس کرانے کی منفرد کاوش ، ایک انقلابی قاموس نئی نسل کے لئے۔
5 :
اردو فیس بک : فیس بک میں اردو نستعلیق خط کو مروج کروانے کی عالمی جدوجہد ، ایک تکنیکی اعتراف کہ اردو دنیا کی چوتھی بڑی زبان ہے۔
6 :
اردو سافٹ وئیر : کمپیوٹر ، انٹرنیٹ اور موبائل فون پر اردو نستعلیق کو عالمی طور سے Standardize کرنے کے لئے ایک جدید "اردو کمپیوٹر آپریٹنگ سسٹم"۔
7 :
عالمی اردو ڈائریکٹری : دنیا بھر میں پھیلے ہوئے اردو علماء کے کوائف کو یکجا کر کے جدید آن لائن ڈائریکٹری ، جس سے ہر عام و خاص مستفید ہو سکیں گے۔
8 :
اسکولوں میں اردو ورکشاپ : تارکین وطن کی نئی نسل میں اردو کی محبت اور ضرورت کو اجاگر کرنے کی سنجیدہ کوشش ، اکابرین اردو "سرسید احمد خان ، بابائے اردو ، علامہ اقبال" سے لے کر دور حاضر کے اردو ہیروز کا طلبا سے علمی تعارف اور طلبا میں فن خطابت پیدا کرنے کی عملی تربیت۔
9 :
عالمی ادارہ تالیف اشاعت : ہائی ٹیک ادارہ جہاں نئے پرانے ادوار کے نادر نسخوں ، لغات ، مقدمات ، تراجم ، نثر پاروں اور شعری مجموعات کو کمپیوٹرائز اور "برقی کتابوں" کے ذریعے محفوظ اور عام کیا جائے گا۔
10 :
عالمی اردو کانفرنس اور مشاعرے : اردو زبان و ادب کی عالمی شان و شوکت بڑھانے کے لئے دیگر اردو تنظیموں کے تعاون سے مختلف ملکوں میں کانفرنسوں اور مشاعروں کا انعقاد۔

اردو سے عقیدت رکھنے والے حضرات ، خواتین اور اداروں کو اردو اکیڈمی انٹرنیشنل میں شامل ہونے کی عام دعوت ہے۔
آئیے سب مل جل کر اردو کی خدمت کریں اور اس منظوم حقیقت کی عملی تفسیر بن جائیں کہ :
کوئی اندازہ کر سکتا ہے اس کے زورِ بازو کا
نگاہِ مرد مومن سے بدل جاتی ہیں تقدیریں

وزٹ کیجئے :
اردو اکیڈمی انٹرنیشنل فیس بک گروپ
بانئ اردو اکیڈمی انٹرنیشنل فیس بک پروفائل

تحریر بشکریہ :
روزنامہ "اردو نیوز" جدہ ، سعودی عرب۔ مورخہ: 8/دسمبر/2012

4 تبصرے:

  1. اتنا بڑا ادارہ اور اتنے بڑے بڑے دعوے اور صرف فیس بک پر گزارہ ویب سائٹ ندارد!؟ بول بچن ہیں جی سارے.. ان کی زنبیل سے کچھ برآمد ہونے والا نہیں.. اردو کی خدمت اسلام کی خدمت خوب ہے.. :D

    جواب دیںحذف کریں
  2. مکی بھائی، تھوڑا صبر کیجئے۔ ویب سائیٹ بھی آ رہی ہے۔

    جواب دیںحذف کریں
  3. اچھی بات ہے جی ویب سائٹ ضرور آئے.. ویب سائٹ دیکھ کر ہی تو قابلیت کا اندازہ ہوگا :)

    جواب دیںحذف کریں
  4. مکی بھائی، انتظار تو ہمیں بھی ہے کہ دیکھیں پردۂ غیب سے کیا ظہور میں آتا ہے۔
    روزنامہ اردو نیوز کی کوئی ویب سائٹ نہیں ہے لہذا اس "عالمی اردو" خبر کو بطور ریکارڈ یہاں درج کر دیا ہے
    ;)

    جواب دیںحذف کریں