سن 2011ء - اموات کا سال - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2011/12/18

سن 2011ء - اموات کا سال

۔۔۔ ان سب نے اپنے متعلقہ میدانوں میں نام کمایا تھا اور ساری دنیا میں بڑی تعداد میں ان کے مداح پائے جاتے تھے ۔۔۔ سال 2011ء میں انتقال کر گئے۔

پروفیسر سریش ٹنڈولکر بھی ماہ جون میں انتقال کر گئے جنہوں نے ہندوستان کی غربت کا تفصیلی جائزہ لیا تھا۔
جدید آزاد ہندوستان کی غیر فلمی موسیقی میں غزل کو ایک نیا انداز دینے والے غزل کنگ جگجیت سنگھ بھی پرلوک سدھارے۔
ہندوستان کے سب سے زیادہ جانے پہچانے مصور مقبول فدا حسین المعروف ایم۔ایف۔حسین ، جنہوں نے ایک تنازعے کے بعد قطر کی شہریت اختیار کر لی تھی ، اسی سال ماہ جون میں انتقال کر گئے اور برطانیہ میں قطری شہری کی حیثیت سے مدفون ہوئے۔
ملک کے سب سے متنازعہ ہندو سادھو ستیہ سائی بابا بھی ماہ اپریل میں دنیا چھوڑ گئے۔ ان کے انتقال کے وقت ان کی دولت کا تخمینہ 8 بلین ڈالر سے زیادہ لگایا گیا۔
ہندوستانی فلمی دنیا بالی ووڈ میں ایک البیلے نوجوان کے طور پر مشہور جو خود اعتماد تھا اور جو موسیقی ، فیشن اور لباس میں مغربی دنیا سے متاثر نہیں تھا اور جسے ہندوستانی ایلوس پریسلے (Elvis Presley) کے خطاب سے بھی نوازا گیا تھا، یعنی شمی کپور ، ماہ اگست میں 80 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ اسی طرح "سدا بہار اداکار" کے طور پر مقبول 88 سالہ دیو آنند بھی دسمبر میں لندن میں وفات پا گئے۔

پاکستان میں پنجاب گورنر سلمان تاثیر ماہ جنوری میں قاتلانہ حملے میں انتقال کر گئے اور جنوری میں ہی کرکٹر اسلم کھوکھر اور سیاستداں نصیر اللہ بابر انتقال کر گئے۔ ماہ اکتوبر میں سابق وزیر اعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو کی اہلیہ بیگم نصرت بھٹو کا انتقال ہوا۔

عالمی سطح کے قائدین میں اسامہ بن لادن ، معمر قذافی ، کینیا کی نوبل انعام یافتہ خاتون ونگاری متھائی (Wangari Maathai) ، سعودی عرب کے شاہ عبداللہ کے بھائی سلطان بن عبدالعزیز اور سعودی عرب ہی کے مشہور تاجر اور الراجحی بنک کے بانی صالح عبدالعزیز الراجحی بھی اسی سال انتقال کر گئے۔
جیمس بانڈ فلموں کی ٹائیٹل موسیقی دینے والے مشہور موسیقار جان بیری (John Barry) نے جنوری میں اپنی حیات پوری کی۔ اسی طرح ہالی ووڈ کی مشہور اداکارہ الزیبتھ ٹیلر (Elizabeth Taylor) بھی اپنے پیچھے ایک یادگار رومانس کا ورثہ چھوڑ کر مارچ میں دنیا سے وداع ہوئیں۔ اور مارچ ہی میں انٹرنیٹ کے فروغ اور دنیائے کمپیوٹر کو نئی جہت دینے والے پال بیرن (Paul Baran) بھی رخصت ہوئے۔ "ڈولی (Dolly)" کی عرفیت سے مشہور جنوبی افریقہ کے عظیم کرکٹر باسل ڈی اولی ویرا (Basil D'Oliveira) نے بھی گذشتہ ماہ نومبر میں اپنی زندگی کے دن پورے کئے۔

(استفادہ از مضمون : عامر اللہ خان ، روزنامہ اعتماد ، 18/دسمبر/2011)

2 تبصرے:

  1. مقدور ہو تو خاک سے پوچھوں کہ اے لیئم
    تو نے وہ گنج ھائے گراں مایہ کیا کیے

    یہ سال بہت اداس کرگیا۔

    جواب دیںحذف کریں
  2. محترم ۔۔۔۔ ابھی دس روز باقی ہیں۔۔۔۔ پتہ نیں اور کون کون آپ کی لسٹ میں شامل ہو جائے ۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

    جواب دیںحذف کریں