مرلی دھرن : 800 وکٹ کا عالمی ریکارڈ - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2010/07/23

مرلی دھرن : 800 وکٹ کا عالمی ریکارڈ

لیجئے صاحب ! ہمارے زمانۂ تفریحات کے ایک پسندیدہ کھلاڑی نے عالمی کارنامہ انجام دے ڈالا۔
مبروک الف مبروک !!
متیا مرلی دھرن [Muttiah Muralitharan] کو ٹسٹ کرکٹ میں 800 وکٹیں حاصل کرنے کا کارنامہ بہت بہت مبارک ہو !!

صاحب ! وہ عاجز کی فراغت اور آزادی کا زمانہ تھا ، نہ علمی مصروفیات نہ معاشی اور خانگی ضروریات کی بھاگ دوڑ۔ فٹبال ہو کہ ٹینس ، کرکٹ ہو کہ ہاکی ۔۔۔۔ ہر کھیل کا خوب نظارہ ہوتا ڈھیر سے تبصرے ہوتے۔ اور پھر نہ وہ ٹویٹر کا دَور تھا اور نہ فیس بک کا زور۔ لہذا زیادہ تر گلی کے نکڑ پر ٹھہرے اللہ دے بندہ لے کی وہ یلغار ہوتی کہ ہمارے زمانے کے کھیلوں کے اچھے اچھے تبصرہ و تجزیہ نگار منہ دیکھتے رہ جائیں۔ بہت ہوتا تو اردو اخبارات میں مضامین اور مراسلوں (ایڈیٹر کے نام خطوط) کی شکل میں یہ تبصرے شائع ہو جاتے یا کبھی آکاش وانی کے نوجوانوں کے ریڈیو پروگرام میں ہم میں سے کوئی سنا ڈالتا۔ مگر آج تو زمانہ ہی کچھ اور ہے۔

قریب بیس سال پہلے یہی بیس سالہ نوجوان مرلی دھرن جب کرکٹ کی دنیا میں نازل ہوا تو ہم سب نے کہا تھا کہ : شطرنج کے گھوڑے والی ڈھائی چال کے ساتھ یہ کیا تیر مارے گا؟ مگر پھر وقت نے ہی بتایا کہ ہم میں سے بیشتر اس کی باؤلنگ کے سحر کا کس طرح شکار ہوتے گئے تھے۔

مرلی دھرن اپنے بیٹے کے ساتھ
مرلی دھرن نے جب گالے میں 800 وکٹ کے حصول کی کوشش کی تو شائد اس وقت سری لنکا کا ہر باؤلر اس آخری وکٹ کو حاصل کرنے سے دانستہ گریز کر رہا تھا۔ بالکل اسی طرح جیسا کہ ماضی میں پاکستان کے خلاف انیل کمبلے فیروز شاہ کوٹلہ گراؤنڈ پر ایک ہی اننگز میں 9 وکٹ لینے کے بعد 10ویں وکٹ کی کوشش کر رہے تھے تو ان کے ساتھی باؤلر اس دسویں وکٹ کو خود حاصل کرنے سے دانستہ بچنا چاہ رہے تھے۔
بہرحال اس میں شک نہیں کہ یہ کھلاڑی کی اپنی ذاتی صلاحیتوں اور اس کی قسمت پر بھی منحصر کرتا ہے اور مرلی دھرن نے واقعتاً اپنی باؤلنگ کی صلاحیتوں کا لوہا ساری دنیا سے منوا لیا ہے۔

800 وکٹ کے اس کارنامے کے ساتھ ساتھ مرلی دھرن نے انڈیا کے خلاف 100 وکٹیں حاصل کرنے کا ریکارڈ بھی بنایا ہے۔ ان 100 وکٹوں کے حصول کے دوران انہوں نے ایک ہی میچ میں 2 مرتبہ 10 وکٹیں لیں اور 7 مرتبہ 5 وکٹیں لی ہیں۔
ٹسٹ کرکٹ ریکارڈ کے مطابق مرلی دھرن دنیا کے واحد باؤلر ہیں جنہوں نے میدانِ کرکٹ کے تمام 9 آفیشل ممالک کے خلاف ایک ہی میچ میں 10 یا 10 سے زائد وکٹیں حاصل کی ہیں۔ اور ان تمام 9 ممالک کے خلاف ان کے حاصل کردہ وکٹوں کی تعداد 75 سے زیادہ ہے۔ سب سے کم وکٹیں انہوں نے پاکستان کے خلاف حاصل کی ہیں جس کی تعداد 80 ہے۔

مرلی دھرن کے ریکارڈ کی تفصیل وکی پیڈیا پر یہاں ملاحظہ کی جا سکتی ہے۔

اپنے کیرئر کے آخری 133 ویں ٹسٹ میچ اور ہندوستان کے خلاف 22 ویں میچ کی آخری اننگ میں ہندوستان کو شکست دینے والی آخری وکٹ حاصل کر کے عالمی ریکارڈ بنانے کے ساتھ ساتھ مرلی دھرن نے 28/اگست/1992ء کو کولمبو میں آسٹریلیا کے خلاف شروع کردہ میچ سے جاری ہونے والے تاریخ کرکٹ کے اپنے سنہرے باب کا اختتام کر دیا ہے۔
وہ کرکٹ کی دنیا سے ریٹائر ہو گئے ہیں۔
اب مرلی کبھی بھی گیندبازی کرتے نظر نہیں آئیں گے۔
اب ان کی یادیں ویڈیوز کے سہارے ان کے مداحوں کے دلوں میں باقی رہ جائیں گی۔

مرلی دھرن کو ان کے چاہنے والوں کی جانب سے نیک تمنائیں قبول ہوں !!

4 تبصرے:

  1. میرے خیال میں مرلی نے صرف ٹیسٹ میج چھوڑیں ہیں۔

    جواب دیںحذف کریں
  2. مرلی دھرن کو بہت مبارک ہو

    جواب دیںحذف کریں
  3. مرلی ابھی ون ڈے کھلیں گے، اور 20 20 بھی کھلیں گے۔

    جواب دیںحذف کریں
  4. عامر شہزاد اور دوست :
    تصحیح کا شکریہ۔
    اب ہمارے ہاں کے ایک اردو نامہ نگار نے کچھ ایسے ہی لکھ دیا تھا تو ہم سمجھے کہ سچ ہوگا۔

    جواب دیںحذف کریں