حیدرآباد کے معروف صحافی اور قلمکار جناب "ذہانت علی بیگ" کا انتقال - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2008/03/10

حیدرآباد کے معروف صحافی اور قلمکار جناب "ذہانت علی بیگ" کا انتقال

یہ خبر حیدرآباد اور بیرون حیدرآباد کے علمی ، ادبی اور صحافتی حلقوں میں بڑے دکھ کے ساتھ سنی اور پڑھی جائے گی کہ شہرِ حیدرآباد (دکن) کے مایہ ناز صحافی اور قلمکار جناب "ذہانت علی بیگ" (ایکزیکٹیو ایڈیٹر اردو روزنامہ 'اعتماد' ، حیدرآباد) بروز ہفتہ 8۔مارچ 2008ء کو کئیر ہاسپٹل میں انتقال فرما گئے۔ انا للہ وانا علیہ راجعون۔

جناب ذہانت علی بیگ تقریباً چار دہائیوں سے اردو صحافت سے وابستہ تھے۔ انہوں نے اپنی صحافتی زندگی کا آغاز روزنامہ "سیاست" سے کیا تھا جہاں وہ مسلسل تیس برس تک برسرملازمت رہے۔ روزنامہ 'اعتماد' کے ایڈیٹر انچیف برہان الدین اویسی کے مطابق‫:
جناب ذہانت علی بیگ روزنامہ 'اعتماد' کے معماروں میں سے ایک تھے اور روزنامہ 'اعتماد' میں تقرر کا پہلا مکتوب انہی کو دیا گیا تھا۔

شہر حیدرآباد کے تینوں قدیم اردو اخبارات سیاست ، رھنمائے دکن اور منصف کی شہرت اور مقبولیت کے درمیان "اعتماد" کی بھی واضح پہچان قائم کرنے اور اسے پیشہ وارانہ خطوط پر اردوداں عوام کے تقاضوں کے عین مطابق بنانے میں مرحوم کی خدمات ناقابل فراموش ہیں اور رہیں گی۔

جناب بیگ مزاحیہ کالم بھی لکھا کرتے تھے (اِس بلاگ پر ان کی ایک تحریر) آل انڈیا ریڈیو کے لیے بھی خدمات انجام دیں اور سعودی عرب کے اولین اردو روزنامہ 'اردو نیوز' سے بھی وابستہ رہے۔

وہ شگفتہ مزاج اور زندہ دل شخصیت تھے۔ وفات کے وقت آپ کی عمر 58 برس تھی۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو لڑکے اور دو لڑکیاں شامل ہیں۔
آپ کی نماز جنازہ مسجد مشک شاہ ، سلطان شاہی میں بعد نماز عصر ادا کی گئی۔ مولانا حمید الدین عاقل حسامی نے نماز جنازہ پڑھائی ۔ تدفین دائرہ حضرت میر مومن ، سلطان شاہی میں عمل میں آئی۔

ہم اپنے قارئین سے دعائے مغفرت کی درخواست کرتے ہیں ‫!!

1 تبصرہ: