واہ حیدرآباد - مزاحیہ مضامین از ڈاکٹر عابد معز - pdf download - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2020/09/30

واہ حیدرآباد - مزاحیہ مضامین از ڈاکٹر عابد معز - pdf download

Wah Hyderabad by Abid Moiz


ڈاکٹر عابد معز (اصل نام: سید خواجہ معز الدین ، پیدائش: 25/جنوری/1955)
حیدرآباد میں مزاح نگار طبیب اور طب کے ماہر مزاح نگار کے طور پر جانے جاتے ہیں۔ طب کے موضوع پر ان کی 16 کتابیں اور طنز و مزاح کے شعبہ میں ان کی 8 کتب شائع ہو چکی ہیں۔ مزاح نگاری کے موضوع پر ان کی ایک اولین کتاب "واہ حیدرآباد" - طنز و مزاح میں دلچسپی رکھنے والے قارئین کی خدمت میں پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں پیش ہے۔

عابد معز نے 1979ء میں عثمانیہ میڈیکل کالج حیدرآباد سے ایم۔بی۔بی۔ایس اور 1985ء میں تغذیہ اور استحصالی امراض میں پوسٹ گریجویشن کیا تھا۔ باقاعدگی سے لکھنے اور چھپنے کا سلسلہ 1981ء میں 'شگوفہ' سے شروع ہوا، اور تب ہی سے ہند و پاک کے مختلف اخبارات اور رسائل میں ان کے مزاحیہ مضامین شائع اور ڈائجسٹ ہوتے رہے ہیں جن میں قابل ذکر شگوفہ، آج کل، کتاب نما، رابطہ، افکار اور چہار سو ہیں۔ جون 1983 سے مارچ 1987 تک ماہنامہ 'شگوفہ' میں 'مرا شہر لوگاں سوں معمور کر' عنوان کے تحت شہر حیدرآباد پر موضوعاتی مضامین کا سلسلہ جاری رہا جس کے منتخبہ چند مضامین زیر نظر کتاب "واہ حیدرآباد" میں شامل ہیں۔
اس کتاب "واہ حیدرآباد" کے مقدمہ میں مدیر ماہنامہ 'شگوفہ' ڈاکٹر مصطفیٰ کمال لکھتے ہیں ۔۔۔

حیدرآباد ایک شہر ہی نہیں ایک تہذیب کا بھی نام ہے۔ اس کے بسانے والے نے محبت کے ایسے خزانے لٹائے کہ اس سرزمین سے جو بھی اٹھا، ان خزانوں سے فیضیاب اور اس کی تہذیب کے عشق میں مبتلا نظر آیا۔ اکثر ادیبوں اور شاعروں نے، جن میں خاصی تعداد بیرون حیدرآباد سے تعلق رکھتی ہے، اپنی شعری و نثری تخلیقات میں اس شہر سے عشق کی حد تک لگاؤ کا اظہار کیا ہے۔ حیدرآباد پر اس کی 400 سالہ زندگی میں بےشمار مضامین لکھے جا چکے ہیں۔ حیدرآباد کی تاریخ، اس کا محل و قوع، ماحول، موسم، عمارتیں، تہذیب و تمدن، آبادی اور اس کے مسائل ۔۔۔ اس طرح کے مختلف النوع موضوعات پر مختلف زبانوں میں لکھا جاتا رہا ہے۔
مزاح نگاروں کا بھی یہ مرغوب موضوع رہا ہے لیکن حیدرآباد کی تہذیبی، سماجی اور سیاسی زندگی پر اتنے ڈھیر سارے مضامین عابد معز کے علاوہ کسی مزاح نگار نے نہیں لکھے۔
دراصل یہ سارے مضامین انہوں نے ماہنامہ شگوفہ کے لیے لکھے تھے اور بالالتزام تقریباً چار سال تک ہر مہینہ حیدرآباد سے متعلق کسی نہ کسی موضوع پر 'شگوفہ' میں چھپتے رہے ہیں۔ ان میں سے بعض موقتی اور مقامی نوعیت کے مضامین ہیں۔ اس کے باوجود ہر دور اور ہر علاقہ میں دلچسپی سے پڑھے جائیں گے۔
عابد معز نے حیدرآباد کی زندگی کے گوناگوں پہلوؤں کا بڑی باریک بینی سے مطالعہ اور تجزیہ کیا ہے اور ایک نکتہ سنج و نکتہ داں مزاح نگار کی آنکھ نے جو کچھ دیکھا، اس کے قلم گوہر بار نے اسے صفحہ قرطاس پر منتقل کیا ہے۔ شہری زندگی کی وہ جزئیات اور پہلو جن کا عوامی نظم و نسق، سیاسیات اور سماجیات کی کتابوں میں تفصیلی ذکر ممکن نہیں اور مورخین کی سنجیدہ نگارشات کے لیے جو شجر ممنوعہ کی حیثیت رکھتے ہیں، ان کا ہنسی ہنسی میں عابد معز نے احاطہ کیا ہے۔ جس مقام پر پہنچ کر سنجیدہ نگار چپ سادھ لیتا ہے، اس سلسلہ کو مزاح نگار عابد معز نے بڑے شگفتہ انداز میں دراز کیا اور شہری زندگی کے پیچ و خم کی بڑی دیدہ ریزی کے ساتھ عکس کشی کی ہے۔

حیدرآباد عابد معز کے لیے بت ہزار شیوہ ہے، جس کی ہر ادا انہیں بےحد عزیز ہے۔ اس بت کو چاہنے پوجنے اور زندگی کے چند لمحے اس کے ساتھ پرسکون انداز میں گزارنے کے لیے جو ماحول درکار ہے اس کی عدم دستیابی پر معز احتجاج کرتے نظر آتے ہیں اور یہ احتجاج گو کہ معز نے روشنائی سے قلمبند کیا ہے لیکن اس میں خونِ جگر کی کارفرمائی بھی نظر آتی ہے۔ کیونکہ ان کے جسم کا ہر قطرہ شہر حیدرآباد کا پروردہ اور مرہون منت ہے۔ عابد معز کا احتجاجی اور طنزیہ لب و لہجہ شہر سے ان کے تعلق خاطر کا مظہر ہے۔

جس دور میں معز نے یہ مضامین لکھے تھے اس وقت حیدرآباد مسلسل فسادات کی لپیٹ میں تھا۔ فسادات، کرفیو اور اس طرح کے حالات کا جو کرب، معز کے مضامین میں نظر آتا ہے، وہ یقیناً صرف حیدرآباد کی قسمت نہیں، بلکہ ہر ستم رسیدہ و فساد زدہ شہر کا ترجمان ہے۔
اس کتاب میں شامل مضامین کے عنوان
شہر میں گھومتا ہوا آئینہ، پیش لفظ، واہ حیدرآباد، شہر اردو، چار منارے کا شہر، افواہوں کا شہر، ہمارا شہر خوبصورت ہے، خاکی نیکر اور سفید بنین، حیدرآبادی قیامت، جہ جولوس، باہر کا جادو، پاشو باہر سے آیا،پنچفتہ، پھر وہی ہفتہ، ہماری سڑکیں، فٹ پاتھ، ٹررے فیک، مت بجائے، حیدرآبادی نل، قلت آب، مجسمے ہی مجسمے، بس بس، آٹو رکشہ کرائے پر، الوداع ستمبر، اٹھاون- پچپن- تیس- تینتیس، امتحان، چائے خانے، ہمارے دواخانے، انتخابات کا موسم، ناکردہ گناہوں کی سزا، اور کرفیو اٹھ گیا، فرقہ وارانہ فسادات پر جانوروں کی کانفرنس۔
یہ بھی پڑھیے: اردو میں طب کی کتابیں لکھنے والے مزاح نگار ڈاکٹر عابد معز

واہ حیدرآباد - مزاحیہ مضامین از عابد معز
پی۔ڈی۔ایف فائل کی شکل میں ڈاؤن لوڈ کیجیے۔

تعداد صفحات: 130
pdf فائل سائز: 6MB
ڈاؤن لوڈ تفصیلات کا صفحہ: (بشکریہ: archive.org)
Wah Hyderabad by Abid Moiz.pdf

Archive.org Download link:

GoogleDrive Download link:

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں