ہم کہنے کو آزاد ہیں ۔۔۔ - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2011/08/15

ہم کہنے کو آزاد ہیں ۔۔۔


سنا ہے کہ آج 65 واں یوم آزادی ہند تھا۔
کہتے ہیں کہ آج سے 64 سال قبل ہندوستان نے انگریزوں سے آزادی حاصل کی تھی۔ اب یہ تو ہونا ہی تھا۔ کوئی کب تک کس کس کو غلام بنائے رکھے۔
ویسے 6 دہے گزارنے کے بعد بھی ہند کا مسلمان لگتا ہے کہ جہاں پہلے تھا آج بھی اسی جگہ کھڑا ہے۔ حالانکہ تحریک آزادی میں مسلمانوں کا رول کچھ کم نہیں تھا۔ مگر ۔۔۔
آزاد ہندوستان میں مساواتی ترقی کے ثمرات سے مسلمان اب تک محروم ہے۔ بہت ممکن ہے کہ اس لاچاری و بےبسی میں کچھ ہاتھ خود مسلمانانِ ہند کا ہو مگر زیادہ حصہ بہرحال اس متعصب سیاست کا ہے جو عین آزادی کے دن سے لگی بندھی چلی آ رہی ہے ، پہلے اس کا صرف ایک نام بتایا جاتا تھا ، آج کئی نام ہیں۔

شاید اسی لئے شاعر نذیر نادر نے درد کی لے چھیڑی ہے کہ ۔۔۔۔۔

ہم کہنے کو آزاد ہیں ، آزاد نہیں ہیں
مسکانیں ہیں رخسار پہ ، دلشاد نہیں ہیں

انصاف کے روغن سے ہر اک شے کو سنوارا
غازہ سے محبت کے ترے رخ کو نکھارا
رونق تجھے دی ایسی کہ اقطاع جہاں نے
چڑیا تجھے سونے کی فقط کہہ کے پکارا

آبادیاں کیا ہم سے بھی آباد نہیں ہیں
ہم کہنے کو آزاد ہیں ، آزاد نہیں ہیں

ظالم کے مقابل میں سدا ہم ہی ڈٹے تھے
ملت کو بچانے کے لئے ہم ہی کٹے تھے
دشمن سے کبھی ملک کا سودا نہ کیا تھا
ہم نے ہی تو آزاد کے الفاظ رٹے تھے

آزادی دلا کے بھی کیا برباد نہیں ہیں؟
ہم کہنے کو آزاد ہیں ، آزاد نہیں ہیں

مجرم کو کھلا چھوڑا ہے کیسا ہے تماشا
بےکس کا گلہ گھونٹا ہے کیسا ہے تماشا
قانون کے متوالوں نے سر جوڑ کے بےشک
قانون کو خود توڑا ہے کیسا ہے تماشا

تیار وہ سننے کو بھی فریاد نہیں ہیں
ہم کہنے کو آزاد ہیں ، آزاد نہیں ہیں

سچوں کی گرفتاری بہت مہنگی پڑے گی
مظلوم کی یہ آہ بھی جب حد سے بڑھے گی
لوٹا گیا گھر بار یہاں جن کا بھی نادر
ظالم کے ہی سر ان کی وبا آ کے پڑے گی

مظلوم ہیں ہم ہند میں ، جلاد نہیں ہیں
ہم کہنے کو آزاد ہیں ، آزاد نہیں ہیں !!


***
خیر۔ درد اپنی جگہ ، خوشی اپنی جگہ ۔۔۔
تمام اہل وطن کو یوم آزادئ ہند مبارک ہو !!

4 تبصرے:

  1. جناب
    ہند اور اسلام کے قلعے کے مسلمانوں میں ایک بات یکساں ہے۔
    دونوں لاچار ہیں۔

    جواب دیںحذف کریں
  2. aap ko bhi yaome-aazaadi'e-hind mubarak ho. nazm ka inteKHaab KHoob tha.

    جواب دیںحذف کریں
  3. آپ اور آپ کے اہل وطن کو یوم ازادی مبارک ہو

    احمر

    جواب دیںحذف کریں
  4. آپ نے بہت اچھے انداز سے اس ظلم و ستم کی داستان سنائی ہے جوکہ واقعی میں حقیقت ہے لیکن ہم لوگ اب بھی یہ نعرہ لگاتے ہیں کہ پاکستان اور بھارت ایک لکیر ہی تو ہے لیکن اس بات کو بھول جاتےہیں کہ یہ ایک لکیرنہیں ایک نظریہ تھا اس میں قصور ان لوگوں کو ہے جنہوںنے ہمیں اس نہج پر پہنچایاہے کیونکہ اسلام تو ایک اٹل حقیقت ہے لیکن مسلمان بدل چکےہیں یہی وجہ ہے کہ ہم ذلیل و خوار ہورہےجوبھی اسلام کو سینے سے لگائے گا سربلندی اس کا مقدر بنے گی۔ انشاء اللہ تعالی

    جواب دیںحذف کریں