حیدرآباد (دکن) سے اردو زبان میں پچھلے چالیس برسوں سے ایک مزاحیہ اردو رسالہ شائع ہو رہا ہے۔ نام ہے "شگوفہ"۔
اس ماہنامہ کے مدیر محترم جناب مصطفیٰ کمال ہیں جنہوں نے اس لطیف ذمہ داری کو شروع دن سے اکیلے ہی سنبھال رکھا ہے۔
حیدرآباد دکن کی خصوصیات کا ذکر ہو تو "شگوفہ" کا نام آنا بھی لازمی ہے اور اسی سے طنز و مزاح کے اس ادبی ماہنامے کی شہرت و مقبولیت کا اندازہ لگایا جا سکتا ہے۔
شگوفہ نے کئی خصوصی نمبر شائع کئے ہیں۔ ابھی حال ہی میں شگوفہ کا جو خاص نمبر منظر عام پر آیا ہے وہ "عابد معز نمبر" ہے۔
ڈاکٹر عابد معز - سعودی عرب میں ایک طویل عرصہ سے مقیم اس مقبول و معروف طنز و مزاح نگار کا نام ہے جن کی تحریروں کے متعلق ایک ناقد فرماتے ہیں :
عابد معز کی تحریریں سرحد شکن ، موضوعات توہم شکن ، مزاح روایت شکن ، عنوانات توبہ شکن اور جس کو پڑھ کر ان کے بدخواہ شکن در شکن ہوتے جاتے ہیں
عابد معز صاحب کے ایک اور رفیق محترم لکھتے ہیں :
لگتا ہے قدیم دور کے مصری مسالے انہیں ہاتھ آ گئے ہیں جنہیں لگائے یہ وقت کو دھوکا دیتے ہیں اور ادبی چوپال پر اسی آب و تاب کے ساتھ براجمان ہیں جیسے بیس سال پہلے تھے۔
ڈاکٹر عابد معز صاحب کے بارے میں لکھنے کی ضرورت اس لئے پیش آئی کہ ابھی آج ہی ان سے ایک مختصر ملاقات سرِراہ ہوئی۔ اور ہم نے اس بات پر انہیں بہرحال قائل کر لیا کہ ان کے نام کا بھی ایک اردو بلاگ ہونا ضروری ہے تاکہ دنیا کے کونے کونے کا اردو قاری ان کی تازہ ترین تحریر سے واقف ہو سکے۔
یہ بھی یاد رہے کہ ڈاکٹر صاحب "شگوفہ" کے اوورسیز ایڈیٹر ہیں۔
تو صاحبو ! امید رکھئے کہ ہم جلد ہی ڈاکٹر صاحب کی کھلکھلاتی گدگداتی تحریروں پر مبنی بلاگ کو منظر عام پر لے آئیں گے۔
اور اسی کے ساتھ اس بات کی بھی توقع ہے کہ "شگوفہ" بھی جلد از جلد آن لائن مطالعے کے لئے دستیاب ہو سکے گا۔
بس آپ احباب سے دعا کی درخواست ہے۔
Author Details
Hyderabadi
بہت خوش آئند باتیں ہیں دونوں، ڈاکٹر عابد معز صاحب کا بلاگ اور 'شگوفہ' آن لائن، یقیناً اردو کی ترویج و ترقی میں یہ بھی ممد و معاون ثابت ہونگے۔ زیادہ خوشی اس بات کی باقاعدہ ادیب و شعراء حضرات بلاگنگ کی طرف آ رہے ہیں۔
جواب دیںحذف کریںیہ تو بہت ہی شاندار خبر ہے۔۔ مشرق سے شاندار خبریں کم کم ہی آتی ہیں :)۔۔۔ اب تو عابد معز صاحب کی شکن سیریز کا انتظار رہے گا۔۔
جواب دیںحذف کریں