ایک (ہندی) فلم میں 30 اداکار/اداکارائیں - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2007/11/19

ایک (ہندی) فلم میں 30 اداکار/اداکارائیں

ابھی کل کی بات ہے ، نیویارک میں مقیم ہمارے ایک اسکولی ہم جماعت نے ایک ای۔میل کے ذریعے ماضی کے دریچے وا کر ڈالے ہیں۔
ہمارے دوست نے لکھا ہے ‫:
یار تجھے یاد ہے ہم نے ایک دفعہ بچوں کے دن (14۔نومبر) بچوں کی فلم چھوڑ کر پاس کے دوسرے سینما گھر میں فلم "نصیب" دیکھی تھی ، صرف اس وجہ سے کہ بہت سے مشہور اداکار اور اداکاراؤں کو ایک ساتھ کسی ایک فلم میں دیکھ سکیں ۔۔۔۔ پھر دوسرے دن ہم نے کلاس ٹیچر سے مار کھائی تھی ۔۔۔
پھر اس کے بعد کے پانچ طویل پیراگراف ، ہمارے اسی دوست سرینواس راؤ چکرورتی نے ماضی کی یادوں کو کنگھالنے میں گزار دئے۔ اور آخر میں چھوٹا سا پیراگراف یوں لکھا ‫:
یار آج میرا لڑکا کہتا ہے کہ ڈیڈ ! آپ ذرا یہ گانا بھی دیکھیں جس میں تیس سے زیادہ ہندی فلم پرسنالٹیز ہیں۔ مگر یار، کچھ بھی ہو ، اصل ، اصل ہوتا ہے ‫!

مشہور اداکار امیتابھ بچن کی ملٹی اسٹار فلم "نصیب" ، 1981ء میں ریلیز ہوئی تھی۔ فلم پروڈیوسر من موہن دیسائی نے اپنی اس فلم کے ایک گانے "جان جانی جناردھن ، ترارم پم پم پم۔۔۔" میں اس وقت کی بہت سی مشہور فلمی ہستیوں کو جمع کیا تھا۔ ہماری یادداشت کے مطابق چند نام یہ ہیں ‫:
راج کپور ، شمی کپور ، رندھیر کپور ، دھرمیندر ، راجیش کھنہ ، وجے اروڑہ ، راکیش روشن ، وحیدہ رحمٰن ، شرمیلا ٹیگور ، مالا سنہا ، بندو ، سمی گریوال ، سمپل کپاڈیہ ۔۔۔۔۔

دور حاضر کی فلم پروڈیوسر فرح خان کا کہنا ہے کہ "نصیب" کے اسی ملٹی اسٹارر نغمے نے انہیں تحریک دلائی تھی کہ وہ بھی اسی طرز کا نغمہ آج کے مشہور فلمی ستاروں کو لے کر تخلیق کریں۔ اور یوں تیس سے زائد نامور فلمی ستاروں کو ایک گانے میں اکٹھا کرنے کے اس اعزاز کا حصول غالباً بالی ووڈ بادشاہ شاہ رُخ خاں کی ذاتی کوششوں کی بدولت ممکن ہو سکا۔ کہا جا رہا ہے کہ "کنگ خان" نے جو خصوصی تحفہ اس گانے میں شامل ہر معروف فلمی ہستی کو عنایت کیا اس میں درج ذیل قیمتی اشیاء شامل تھیں ‫:
بیش قیمت کلائی گھڑی [‫Tag Heuer] ، نوکیا موبائل فون کا ایک جدید برانڈ ، ایک عدد طلائی سکہ (جس پر "اوم" ثبت کیا گیا) ، ٹی۔شرٹ جس پر لکھا تھا : "اوم شانتی اوم" جسے آپ نے عظیم بنایا ‫!

فلم "اوم شانتی اوم" کے جس گانے "دیوانگی دیوانگی" میں جن ستاروں کو جمع کیا گیا ہے ، ان کے نام کچھ یوں ہیں ‫:
دھرمیندر ، جتیندر ، متھن چکرورتی ، سلمان خان ، سیف علی خان ، سنجے دت ، گووندا ، سنیل شیٹی ، بابی دیول ، تشار کپور ، زائد خان ، ارباز خان ، دینو موریہ ، رتیش دیشمکھ ، آفتاب شیو داسانی
ریکھا ، شبانہ اعظمی ، جوہی چاؤلہ ، تبو ، کاجول ، رانی مکرجی ، پریتی زنٹا ، ارملا ماتونڈکر ، کرشمہ کپور ، شلپا شیٹی ، پریانکا چوپڑہ ، لارا دتہ ، ودیا بالن ، ملیکہ اروڑہ ، امریتا اروڑہ

بہرحال ، کسی ہندی فلم کا یہ ریکارڈ ، اب معلوم نہیں مستقبل میں کون توڑنے کی کوشش کرے ، البتہ یہ طے ہے کہ بالی ووڈ بادشاہ کنگ خان شاہ رُخ خاں نے ہندی فلم انڈسٹری میں اس نغمے کے ذریعے اپنی بادشاہت کا لوہا ضرور منوایا ہے ‫!!

2 تبصرے: