جماعت اسلامی کے سابق امیر "میاں طفیل محمد" کا انتقال پرملال - Hyderabad Urdu Blog | Hyderabadi | Hyderabad Deccan | History Society Culture & Urdu Literature

Comments system

[blogger][disqus][facebook]

2009/06/26

جماعت اسلامی کے سابق امیر "میاں طفیل محمد" کا انتقال پرملال

جماعت اسلامی پاکستان کے سابق امیر اور جماعت کے تاسیسی رکن اور بزرگ رہنما
میاں طفیل محمد
جمعرات 25-جون-2009ء کی رات آٹھ بجے قضائے الٰہی سے انتقال کر گئے۔
انا للہ وانا الیہ راجعون
آپ علیہ الرحمۃ کی نماز جنازہ آج بروز جمعہ 4 بجے سہ پہر منصورہ ، کراچی میں ادا کی جائے گی۔ آپ نے 95 سال کی عمر پائی اور آپ کے پسماندگان میں 8 دختران اور 4 فرزندان شامل ہیں۔

میاں طفیل محمد 1914ء میں کپورتھلہ ، ضلع جالندھر میں پیدا ہوئے تھے۔ 1937ء میں لاء کالج ، لاہور سے ایل-ایل-بی آنرز کی تکمیل کی۔ 1948ء سے 1950ء تک سنٹرل جیل ملتان میں نظربندی کے دوران مولانا مودودی (رح) اور مولانا امین اصلاحی (رح) سے قرآن و سنت کی تعلیم حاصل کی۔
26-اگست 1941ء کو لاہور میں جماعت اسلامی کے تاسیسی اجتماع میں آپ بھی شریک رہے تھے۔ مارچ 1944ء میں آپ جماعت اسلامی ہند کے سیکریٹری جنرل مقرر ہوئے اور مولانا مودودی کی وفات تک ان کے رفیق رہے۔
مارچ 44ء سے اگست 47ء تک کل ہند جماعت اسلامی اور اس کے بعد دسمبر 1965ء تک جماعت اسلامی پاکستان کے سیکریٹری جنرل کا عہدہ نبھایا۔

اکتوبر 1972ء میں جب مولانا مودودی اپنی صحت کی خرابی کے سبب امیر جماعت کے منصب سے سبکدوش ہو گئے تو ارکان جماعت نے میاں طفیل محمد کو 5 سال کے لئے امیر منتخب کر لیا۔ وہ مسلسل تین مرتبہ اس منصب کے لئے منتخب ہوئے اور 1987ء میں خرابئ صحت کی بنا پر جماعت کی امارت سے سبکدوشی اختیار کر لی۔
جماعت اسلامی کی امارت سے فراغت کے بعد ادارہ معارف اسلامی کے ڈائرکٹر کی حیثیت سے چند سال پہلے تک کارگذار رہے۔ صحت کی زیادہ خرابی اور کمزور بینائی کے سبب اس منصب سے بھی الگ ہو گئے۔

کہا گیا ہے کہ میاں صاحب پیرانہ سالی اور کمزور صحت کے باوجود برین ہیمرج کے حملے تک جامع مسجد منصورہ میں باجماعت نمازوں میں اہتمام کے ساتھ شریک ہوتے رہے۔ گزشتہ رمضان المبارک تک پوری نمازِ تراویح جماعت کے ساتھ کھڑے ہو کر ادا کرتے رہے۔

(تفصیلی خبر ، بشکریہ : اردو نیوز ، سعودی عرب)

3 تبصرے:

  1. میاں طفیل بہت عظیم شخصیت تھے۔ اللہ ان کی لغزشوں پر معاف فرمائے اور ان کی مغفرت فرمائے۔
    جناب! ایک تصحیح کر لیں منصورہ کراچی میں نہیں بلکہ لاہور میں واقع ہے۔ منصورہ دراصل جماعت اسلامی پاکستان کا صدر دفتر ہے جو لاہور کے ملتان روڈ پر واقع ہے۔

    جواب دیںحذف کریں
  2. آپ کی اصلاح کا شکریہ ابوشامل بھائی۔
    لیکن میں نے منصورہ ، کراچی کے ساتھ جو یہ ربط دیا ہے ، وہاں تو بتایا جا رہا ہے کہ منصورہ ، کراچی کے فیڈرل بی ایریا کا نیا نام ہے۔

    جواب دیںحذف کریں
  3. کراچی کے کسی مخصوص علاقے کو منصورہ کا نام دے دیا گیا ہوگا اور ایک منصورہ تو حیدرآباد، پاکستان میں بھی ہے۔ ایسے نجانے کتنے ہوں گے لیکن جماعت اسلامی پاکستان کا صدر دفتر ملتان روڈ، لاہور پر واقع ہے جو منصورہ کہلاتا ہے اور مندرجہ بالا تحریر میں حوالہ بھی اسی منصورہ کا ہے۔ مرحوم کی نماز جنازہ وہیں پڑھائی گئی تھی۔

    جواب دیںحذف کریں